نوشکی ،پنجاب سے تعلق رکھنے والی4افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد

منگل 13 مئی 2025 20:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)بلوچستان کے علاقے نوشکی سے چار افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، مقتولین کا تعلق پنجاب سے بتایا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق نوشکی گلنگور کے علاقے سے چار افراد کی نعشیں برآمد ہوئیں جن کی اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری وقوعہ پر پہنچی۔ لیویز فورس نے مقتولین کی لاشوں کو ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی شناخت غلام مظفیِ حذیفہ، عمران اور عرفان کے ناموں سے ہوئی۔

(جاری ہے)

دو ، دو مقتولین آپس میں بھائی تھے اور دو کا تعلق پاکپتن، رحیم یار خان سے تھا۔بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے بربریت قرار دیا اور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ملزمان کی گرفتاری کیلیے حکومت تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے دشمنوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا، قتل کا یہ سفاک واقعہ انسانیت سوز اور قابل افسوس ہے۔