Live Updates

پاکستان بھارت جنگ میں ثابت ہوا کہ چینی جنگی طیارہ جے 10سی مغربی ٹیکنالوجی کا مقابلہ کرسکتا ہے

پاکستان نے فرانسیسی ساختہ رافیل کے مقابلے میں چینی ٹیکنالوجی کو استعمال کیا،چینی طیاروں کا پہلی بار براہ راست مغربی ٹیکنالوجی کے ساتھ مقابلہ ہوا، ڈیلی میل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 13 مئی 2025 21:49

پاکستان بھارت جنگ میں ثابت ہوا کہ چینی جنگی طیارہ جے 10سی مغربی ٹیکنالوجی ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 13 مئی 2025ء ) پاک فضائیہ کی کامیابیوں کے اعتراف پر برطانوی اخبار نے رپورٹ شائع کردی ہے۔ میڈیا کے مطابق برطانوی اخبار ڈیلی میل کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کو دھول چٹا دی۔ڈیلی میل نے پاک فضائیہ کے زیراستعمال جے ٹین سی طیارے کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ چین کا جنگی طیارہ جے 10سی مغربی ٹیکنالوجی کا مقابلہ کرسکتا ہے۔

پاکستان نے فرانسیسی ساختہ رافیل کے مقابلے میں چین کی ٹیکنالوجی جے ٹین سی کو استعمال کیا۔مسئلہ کشمیر پر دوایٹمی قوتوں کے درمیان لڑائی ہوئی۔ لڑائی میں چین کے جنگی طیاروں کا پہلی بار براہ راست مغربی ٹیکنالوجی کے ساتھ مقابلہ ہوا۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کی جانب سے گرائے گئے طیاروں میں کم ازکم ایک فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ بھی تھا۔ دوسری جانب ڈپٹی چیف آف ایئر آپریشنز وائس ایئرمارشل اورنگزیب احمد نے آپریشن بُنْیَانٌ مَّرْصُوْص کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے آنے والے تمام ڈرونز اور ایس یو ویز کی پہلے ہی نشاندہی کرلی گئی تھی اور انہیں ناکارہ بنایا گیا یا تباہ کردیا گیا ،پاک فضائیہ نے اہم بھارتی تنصیبات تباہ کیں اور جارحیت پر حملہ آور طیارے مار گرائے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کو بھارت پر0-6 سے کامیابی ملی، بھارت نے براہموس میزائلوں سے بھی حملہ کیا مگر ہم نے تکنیکی طور پر انہیں ناکارہ بنایا اور اپنے اہداف سے ان کا رخ تبدیل ہوگیا۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے میزائلوں کے ذریعے نہ صرف افغانستان بلکہ اپنے ہی علاقے امرتسر کو بھی نشانہ بنایا۔ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے کہا کہ ہم فضا میں رافیل طیاروں کو خاص اہمیت دے رہے تھے اور اس کے بعد زمین پر ایس 400 سسٹم پر ہماری خاص توجہ تھی اور اس سسٹم کو آدم پور میں احتیاط سے نشانہ بنایا گیا۔

اسی طرح پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارتی جارحیت پر پاکستان کی مسلح افواج کے شروع کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص میں فتح پر اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں، مسلح افواج نے پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والے بھارت کے 26 اہم ملٹری ٹارگٹس کو نشانہ بنایا، دشمن جتنا موت سے ڈرتے ہیں اس سے زیادہ ہمارے جوان شہادت سے محبت رکھتے ہیں، پاک فضائیہ نے بوجھ اور آدم پورہ کے ، کے ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم ، اڑی میں فیلڈ سپلائی ڈیپو، پونجھ میں ریڈار سسٹم جیسے لاجسٹک اور سپورٹ مراکز کو بھی نشانہ بنایا ، کے جی ٹاپ، نشہرہ میں موجود 10 بریگیڈ اور 80 بریگیڈ کی کمانڈ تنصیبات کو بھی تباہ کیا گیا، یہ وہ تنصیاب ہیں جہاں سے بلااشتعال فائرنگ کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، ہماری تحویل میں کوئی بھی بھارتی پائلٹ نہیں ہے،یہ فیک نیوز ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات