ڈی جی کالجز کی جانب سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے صوبے کے مختلف کالجوں کے دورے

منگل 13 مئی 2025 22:00

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ پروفیسر ڈاکٹر نوید رب صدیقی کی درخواست پر حکومت سندھ کے کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے صوبے کے مختلف کالجوں کے دورے شروع کر دئیے گئے ہیں، سیکرٹری کالج ایجوکیشن شہاب قمر انصاری کی ہدایت پر صوبے بھر کے تمام ڈائریکٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپور خاص اور شہید بے نظیر آباد سمیت مختلف شہروں کے کالجوں کا دورہ کریں اور امتحانی مراکز کی سخت نگرانی کریں، کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے مطابق اس اقدام کا مقصد انٹرمیڈیٹ امتحانات کے دوران نقل اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ہے تاکہ طلبہ کے لیے منصفانہ اور شفاف امتحانی ماحول فراہم کیا جا سکے، اس سلسلے میں محکمہ داخلہ، پولیس اور کراچی ڈویژن کے کمشنر کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ دورہ کرنے والے افسران کو مکمل سیکیورٹی اور سہولیات فراہم کی جائیں، جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق امتحانات کے دوران شفافیت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور حکومت سندھ اس عمل کو تعلیمی نظام میں بہتری اور میرٹ کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دے رہی ہے۔