معرکہ حق ، بنیان مرصوص نے ثابت کر دیا پاکستان زندہ قوم ہیں ،ہارون الرشید تبسم

جب وطن کی آن پر ، شان پر کڑا وقت آئے تو پاکستانی متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرتے ہیں

بدھ 14 مئی 2025 16:34

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کا کہ معرکہ حق ، بنیان مرصوص نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان زندہ قوم ہیں ۔جب وطن کی آن پر ، شان پر کڑا وقت آئے تو وہ متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرتے ہیں۔جنہوں نے معرکہ حق میں 1965کی جنگ کی یاد تازہ کر دی۔ ہمارے شاہین اڑے تو فضائے بسیط میں نغمے بکھر گئے، ہمارے مجاہد آگے بڑھے تو راہیں تراشتے ہوئے بڑھتے چلے گئے اور پانیوں میں جنگ کرنے والے لہروں سے ٹکراتے ہوئے دشمن کے نشانوں تک پہنچ گئے ۔

یہ جنگ عالم اسلام میں پاکستان کے وقار اور دنیا بھر میں پاکستان کے تحریم کا ذریعہ بنی ہے ۔ماہر تعلیم ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس پر منعقدہ تقریب میں کہا کہ طالب علموں کو اپنی تاریخ سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

حوصلہ اور امید نوجوانوں کی کامیابی کا راز ہے ۔ ہمیں طالب علموں کی مخفی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔

اس وقت پاکستان اندرونی اور بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے ۔ ان کا مقابلہ متحد قوم ہی کر سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے طالب علم صلاحیتوں کے اعتبار سے بہت ذرخیز ہیں۔ انھیں سچا مسلمان اور کھرا پاکستانی بنانے کی ضرورت ہے ۔ دشمن مختلف حربوں سے ہمیں کمزور کرنے کی کوشش میں ہے۔ ہمیں چوکنا اور مستعد رہنا چاہیے۔ ہر اس چیز کو شک کی نگاہ سے دیکھیں جو آپ نے پہلے نہیں دیکھی۔

سماج دشمن عناصر اور بھارت جاسوسوں پر کڑی نظر رکھیں۔ تنظیم شہری دفاع کی تربیت حاصل کریں تاکہ آپ مشکل وقت میں پاکستان کا دفاع کر سکیں۔ رئیس ادارہ سید احتشام الحق ہمدانی نے کہا کہ جذبہ قوت ایمانی ایک مجاہد کا سب سے بڑا ہتھیار ہے ۔ ہمارے شاہینوں نے بھارت کی حدود میں داخل ہوکر انھیں شکست فاش دی ہے ۔ بھارتی میڈیا اپنے ہی حکمرانوں پر سیخ پا ہے کہ یہ چشم زدن میں پاکستان نے کیا سے کیا کر دیا۔

اس معیار کو قائم رکھنے کے لیے ہمیں بھرپور جدوجہد کرنا ہوگی۔ طالب علم ایک بہت بڑی قوت ہیں ۔ اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ بچوں کو مثبت اور تعمیر ی سوچ سے محب وطن بنائیں۔ انھوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے معمار ہیں اور بچوں کے اذہان پر حکمرانی کر سکتے ہیں۔ ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں۔ ان کی بہترین تربیت ہمارے لیے روشن مستقبل کی نوید ثابت ہو گی۔ ادارہ کے تمام اساتذہ اور جملہ طالب علموں نے۔ قومی ترانے اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔