Live Updates

بی جے پی کے سینئر رہنما اور وزیر نے بھارتی فوج کی مسلم فوجی کرنل کو دہشتگردوں کی بہن قرار دے دیا

بدھ 14 مئی 2025 17:01

بی جے پی کے سینئر رہنما اور وزیر نے بھارتی فوج کی مسلم فوجی کرنل کو دہشتگردوں ..
نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)بی جے پی کے سینئر رہنما اور وزیروجے شاہ نے بھارتی فوج کی مسلم فوجی کرنل صوفیہ قریشی کو دہشتگردوں کی بہن قرار دے دیا۔بھارتی میڈیاکے مطابق بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کے سینئر رہنما وجے شاہ نے بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن سندور کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کرنے والی مسلم فوجی کرنل صوفیہ قریشی کو ہی دہشتگردوں کی صف میں لاکھڑا کردیا۔

بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی نے آپریشن سندور کی تفصیلات بتاتے ہوئے پاک فوج کی جوابی کارروائیوں میں بھارت کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا تھا۔اس بیان کو لے کر بھارتی ریاست مدھیہ پریش کے وزیر وجے شاہ نے بجائے اپنی حکومت اور فوج کی ناکامی کو تسلیم کرنے کے مسلمانوں سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے کرنل صوفیہ کو ہی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

(جاری ہے)

وجے شاہ نے کہاکہ دہشتگردوں نے ہمارے ہندو بھائیوں کو کپڑے اتار کر قتل کیا، وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کے جواب میں دہشتگردوں کی بہن کو ہی آرمی کے جہاز میں ان کے گھروں پر حملہ کرنے کیلئے بھیجا، دہشتگردوں نے ہماری بہن کو بیوہ کیا، اس لیے مودی جی نے ان کی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی بہنوں کو انہیں سبق سکھانے کیلئے بھیجا۔اس نفرت انگیز بیان کے بعد وجے شاہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر انہوں نے ایک تعزیتی بیان بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو میں معافی مانگنے کیلئے تیار ہوں، کرنل صوفیہ کی اپنی بہن سے زیادہ عزت کرتا ہوں۔

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وجے شاہ کو مدھیہ پردیش کی کابینہ سے فارغ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے اپنے بیان میں کہا کہ جن کسی نے بھی یہ نفرت انگیز بیان دیا ہے اسے فوری طور پر معطل کیا جا نا چاہے۔ملک ارجن کھرگے نے کہا کہ پہلگام واقعے کے ذریعے دہشتگردوں نے ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کی لیکن پوری قوم متحد ہے، بی جے پی رہنما نے کرنل صوفیہ قریشی سے متعلق انتہائی گھٹیہ، نامناسب اور نفرت انگیز بیان دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات