کے ایم یو میں ندائے خیبرمیگزین کی تقریبِ رونمائی،وائس چانسلر مہمان خصوصی تھے،طلبہ کی تخلیقی کاوش کو خراج تحسین پیش کیا گیا

بدھ 14 مئی 2025 16:54

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو)پشاور کے انسٹی ٹیوٹ آف فارماسیوٹیکل سائنسز کے طلبہ کے پہلی بار ترتیب دیے گئے ادبی میگزین "ندائے خیبر" کی ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریبِ رونمائی یونیورسٹی کے ڈاکٹر حفیظ اللہ ہال میں منعقد ہوئی جس کا مقصد ان کی تخلیقی اور ادبی صلاحیتوں کو اجاگر کر نا تھا،تقریب میں بڑی تعداد میں فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانانِ خصوصی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق، ممتاز پشتو شاعر اور ادیب پروفیسر ڈاکٹر آباسین یوسفزئی اور نامور شاعر ڈاکٹر بخت زادہ دانش تھے۔ وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج کے مصنوعی ذہانت کے دور میں تخلیق بڑا چیلنج ہے اور ایسے ادبی پلیٹ فارم طلبہ کو تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ندائے خیبر کے ذریعے کے ایم یو میں آرٹ اور سائنس کا حسین امتزاج قائم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعات کا معاشروں کی تعمیر وترقی میں کلیدی کردار ہے اور یہاں تعلیم وتربیت حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کی ہمہ جہت اور متوازن شخصیت سازی ہمارے بنیادی اہداف میں سرفہرست ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ندائے خیبر کے اجرا سے یونیورسٹی کے طلبا وطالبات کو اپنی پوشیدہ تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کا موقع ملے گا۔

پروفیسر ڈاکٹر آباسین یوسفزئی اور ڈاکٹر بخت زادہ دانش نے بھی طلبہ کی ادبی کاوشوں کو نہایت سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی سرگرمیاں نہ صرف طلبہ کے اندر تخلیقی سوچ کو پروان چڑھاتی ہیں بلکہ ادارے کی ادبی و ثقافتی فضا کو بھی فروغ دیتی ہیں۔کے ایم یو کی فیکلٹی اور طلبہ نے اس ادبی پیش رفت کو بھرپور سراہا اور اسے یونیورسٹی کے تعلیمی و ہم نصابی ماحول کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ یاد رہے کہ یہ میگزین تین زبانوں انگریزی،اردواور پشتو پر مشتمل ہے جن میں میں نظم ونثر کےمختلف موضوعات پر مبنی تخلیقات شامل ہیں۔