وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انور الحق اور وزیر بلدیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی ہدایت پر سیکرٹری ہیلتھ بریگیڈیئر فرید کا دورہ حویلی کہوٹہ

بدھ 14 مئی 2025 19:42

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مئی2025ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انور الحق اور وزیر بلدیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری صحت آزاد کشمیر بریگیڈیئر فرید نے بھارتی فائرنگ کے فوری بعد ڈسٹرکٹ حویلی کہوٹہ کا دورہ کیا۔دورے کے دوران سیکرٹری ہیلتھ نے مختلف مراکزِ صحت کا تفصیلی معائنہ کیا اور محکمہ صحت عامہ کی خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ عمران شاہین، ایس پی حویلی عطا الرحمن، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جواد افضل کیانی، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو اسپتال ڈاکٹر تسکین راٹھور اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سیکرٹری ہیلتھ نے مراکز صحت میں موجود طبی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ محنت اور عوامی خدمت کے جذبے پر خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی گولہ باری جیسے نازک حالات میں محکمہ صحت کے افسران و عملہ دور افتادہ علاقوں میں عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں پیش پیش رہا، جو لائق تحسین ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع حویلی میں ڈی ایچ کیو اور دیگر مراکز صحت پر موجود سہولیات کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔ جلد از جلد ڈی ایچ کیو اسپتال میں آپریشن تھیٹر کو فعال بنایا جائے گا اور دور دراز علاقوں کے لیے ایمبولینسز کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

بعد ازاں بریگیڈیئر فرید نے سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان سے ملاقات کی، جنہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران محکمہ صحت کی مثالی کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ڈی ایچ او ڈاکٹر جواد افضل کیانی کی قیادت میں محکمہ صحت کے عملے کی بروقت اور مؤثر کارکردگی کو سراہا، جس نے عوام کا اعتماد حاصل کیا۔سیکرٹری ہیلتھ نے سول سوسائٹی کی طرف سے پیش کیے گئے مسائل غور سے سنے اور ان کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کروائی۔