Live Updates

ہمارا بائیکاٹ کرنے والے سن لیں!پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں، تھنک ٹینک آذر بائیجان

ممکن ہے ہمارے ہاں سیاح کم آئیں لیکن عزت باقی رہے گی، پاکستان کا ساتھ نہ دیتے تو اپنی نظروں سے گرجاتے، سربراہ تھنک ٹینک کابیان

بدھ 14 مئی 2025 22:40

باکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)آذربائیجان کے معروف تھنک ٹینک، انسٹی ٹیوٹ فار ڈیمو کریسی اینڈ ہیومن رائٹس کے سربراہ ڈاکٹر احمد شاعر اوغلو کا پاکستان کے حق میں دلیرانہ موقف سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بھارتی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کو پابندیوں اور سفری بائیکاٹ کی دھمکیاں دینے والے تاریخ کو غور سے پڑھیں، آذربائیجان کی قوم نے کسی دباؤ کے آگے جھکنا نہیں سیکھا، ہم اپنے بھائی پاکستان کے ساتھ جائز موقف پر مضبوطی سے کھڑے ہیں کوئی بھی سیاسی دھمکی ہمارا موقف تبدیل نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستانی ٹورازم کمپنیاں خواہ بائیکاٹ اور معاشی دباؤ کی بات کریں لیکن باکو نے پہلے ہی ایک بہت مضبوط اور واضح جواب دے دیا ہے ہم اپنا انصاف پسند موقف نہیں چھوڑیں گے، آذربائیجان نے کبھی ذاتی فائدے کیلئے کسی بھائی کو دھوکا نہیں دیا ہماری دوستی کاروبار نہیں، یہ اقدار کا معاملہ ہے، ہر بائیکاٹ ہمیں اور مضبوط بناتا ہے، ہم ایک ایسی قوم ہیں جو نہ صرف اپنی معیشت بلکہ اپنی سیاسی آزادی کا بھی تحفظ کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہوسکتا ہے سیاح کم آئیں، چاول کی کچھ برآمد رک جائے لیکن عزت اور بھائی چارہ ہمیشہ باقی رہے گا، ہم پاکستان کا ساتھ نہ دیتے تو کل اپنی نظروں کا سامنا نہ کرپاتے، زندہ باد آذربائیجان۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات