Live Updates

کشمیر کونسل یورپ کی مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لیے کوششیں تیز ،کئی یورپی رہنمائوں کو مسئلے کی سنگینی سے آگاہی بارے خطوط بھیج دیے

جمعرات 15 مئی 2025 13:54

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) کشمیر کونسل یورپ نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں اور یورپی حکام اور اہم شخصیات کے ساتھ اس سلسلے میں تازہ رابطے کئے ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کشمیرکونسل یورپ کے زیراہتمام کانفرنسوں، سیمینارز اور مباحثوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے تاکہ کشمیری عوام کی آواز موثر طریقے سے عالمی برادری تک پہنچائی جاسکے۔

کونسل کے چیئرمین علی رضا سید نے اعلیٰ یورپی حکام بشمول صدر یورپی کمیشن ارسولا وان در لیین، صدر یورپی کونسل انٹونیو کوسٹا، یورپی پارلیمنٹ کی سربراہ روبرٹا مٹسولا اور اعلیٰ سفارتکار کاجا کالاس کو خطوط بھی لکھے ہیں جن میں ان کی توجہ جنوبی ایشیا کی سنگین صورتحال کی طرف دلائی گئی ۔

(جاری ہے)

خط میں پاکستان پر بھارتی جارحیت کا ذکر بھی کیا گیا اور کہا گیا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل کی وجہ سے جنوبی ایشیا کا خطہ سخت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔

خط میں یورپی یونین پر زور دیا گیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا پاک بھارت تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے اور نہ ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات