ایس بی سی اے نے نیوٹیفکیشن عدالت میں سماعت شروع ہوتے ہی واپس لے لیا

عدلیہ نے بروقت مداخلت کرکے کراچی کومچھلی ہ بازار بننے سے روک دیا،الطاف شکور کی عوام کو مبارکباد

جمعرات 15 مئی 2025 18:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کی کاوشوں نے ایس بی سی کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ ایس بی سی اے نے رفاہی پلاٹوں کو کمرشلائز کرنے کا نوٹیفکیشن عدالت میں سماعت شروع ہوتے ہی واپس لے لیا۔ کراچی کومکمل طور پر کمرشلائز کرنے کا منصوبہ خاک میں مل گیا ۔ سندھ ہائیکورٹ نے ایس بی سی اے کے نوٹیفکیشن واپس لینے پر کیس خارج کردیا۔

پاسبان کے درخواست کی پیروی خرم لاکھانی ایڈووکیٹ نے کی۔ اب کراچی کے رفاہی پلاٹس رفاہی اور رہائشی پلاٹس رہائشی ہی رہیں گے۔ ایس بی سی اے نے لوٹ مار کا ایک نیا سلسلہ شروع کرنا چاہا لیکن ناکام ہوگیا۔ الطاف شکورنے کراچی کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ نے بروقت مداخلت کرکے کراچی کو جمعہ بازار بننے سے روک دیا ہے۔

(جاری ہے)

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی اس کیس میں شامل دیگر پارٹیوں ان کے وکلاء صاحبان اور صحافی برادری کا بھی شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے اس جدوجہد کو کامیاب بنانے میں اپناکردار ادا کیا۔

دریں اثناء پی ڈی پی چیئرمین نے مطالبہ کیا کہ ایس بی ایس سی اے کے جن افسران نے یہ نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا انہیں ان کے عہدوں سے برطرف کر کے ان کے خلاف تحقیقات اور کاروائی کی جائے کہ انہوں نے یہ نوٹیفیکیشن جاری ہی کیوں کیا تھا۔ اس نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد ان افسران کے بنک بیلنس میں کس قدر اضافہ ہوا اگر غیرقانونی کام کرنے والے افسران کا احتساب نہ کیا گیا تو ملک سے کرپشن کا خاتمہ کبھی بھی نہ ہو سکے گا۔

آرمی چیف نے ملک کو ہارڈ اسٹیٹ بنانے کا جو عزم ظاہر کیا ہے اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن اور دہری شہریت کے حامل سرکاری افسران ہی ہیں۔ واضح رہے کہ پی ڈی پی چیئرمین الطاف شکور نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی رہائشی علاقوں کو کمرشلائز کرنے والی حالیہ ترمیم کو آئینی درخواست کے ذریعے عدالت میں چیلنج کیا تھا۔ پاسبان کی جانب سے درخواست کی پیروی ایڈووکیٹ خرم لاکھانی کر رہے تھے۔