Live Updates

دالبندین میں ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین کی قیادت میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ''الفتح ریلی'' نکالی گئی

جمعرات 15 مئی 2025 22:37

دالبندین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مئی2025ء) دالبندین میں ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین میر اسفندیار خان یار محمد زئی کی قیادت میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ''الفتح ریلی'' نکالی گئی۔ یہ ریلی سابق چیئرمین سینیٹ و رکن صوبائی اسمبلی چاغی، میر صادق خان سنجرانی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما میر اعجاز خان سنجرانی کی ہدایت پر نکالی گئی۔

ریلی میں شہریوں، نوجوانوں، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی رہنماؤں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔شرکاء نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد اور بھارت مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور پاک فوج کی جانب سے حالیہ دنوں میں بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر اظہار تشکر کیا۔ریلی دالبندین شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی مرکزی چوک پہنچی، جہاں ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین میر اسفندیار خان یار محمد زئی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا''آج کا یہ اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ہماری افواج نے دشمن کے ہر وار کا منہ توڑ جواب دے کر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ حالیہ دنوں میں بھارت کی طرف سے کی گئی شرانگیزیوں کا جس جرات مندی اور مہارت سے جواب دیا گیا، ہم اس پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دشمن کو یہ پیغام دیا جا چکا ہے کہ پاکستان کسی صورت اپنی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ''بلوچستان کی عوام، خصوصاً دالبندین کے باشعور شہری، ہر حال میں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ وطن کی حفاظت ہمارا ایمان ہے اور پاکستان کا دفاع ہماری اولین ترجیح ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات