Live Updates

ملک بھر میں (آج )یوم تشکر منایا جائے گا

معرکہ حق میں شاندار فتح پر خصوصی تقریبات منعقد ہونگی، دن کا آغاز توپوں کی سلامی ،قرآن خوانی سے ہوگا اقلیتی برادری بھی شریک ہوگی،سکھ برادری کرتارپور میں اتحاد و یکجہتی کی تقریب منعقد کرے گی،فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت

جمعرات 15 مئی 2025 21:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء) معرکہ حق میں پاکستان کی بھارت کے خلاف شاندار فتح پر قوم آج بروز جمعہ 16مئی کو یوم تشکر کے طور پر منائے گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو یوم تشکر کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ یہ دن پنجاب بھر میں جوش و جذبے، قومی یکجہتی اور شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے عزم کے ساتھ منایا جائے گا۔

یوم تشکر کا آغاز پورے ملک کی طرح پنجاب میں بھی توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ تمام بڑی مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی اور اجتماعی دعا کا اہتمام کیا جائے گا۔ ضلعی و ڈویژنل سطح پر دعائیہ تقریبات اور اظہار تشکر کی محافل منعقد ہوں گی۔ مرکزی تقریب شام 7 بجے لاہور میں منعقد ہو گی جس میں شہدا کے اہلِ خانہ اور معاشرے کے تمام طبقات سے نمایاں شخصیات شرکت کریں گی۔

(جاری ہے)

اسی طرح صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر یادگارِ شہدا پر چادر چڑھانے کی تقاریب ہوں گی جن میں سول سوسائٹی، مقامی عوامی نمائندے، سینئر سول و فوجی افسران شریک ہوں گے۔ تمام سرکاری و نجی عمارتوں، دفاتر اور اہم شاہراہوں کو قومی پرچموں اور چراغاں سے مزین کیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں میں پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی اور خصوصی خطباتِ جمعہ میں یوم تشکر کے جذبے کو اجاگر کیا جائے گا۔

یوم تشکر پر اقلیتی برادری کی جانب سے بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ سکھ برادری کرتارپور میں ایک پر وقار تقریب منعقد کرے گی جس میں اتحاد و یکجہتی اور افواج پاکستان کی حمایت کا پیغام دیا جائے گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی ہے کہ یوم تشکر کی تمام تقریبات اور مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات