حیدرآباد میں یومِ تشکر کی شاندار تقریب، پاک فوج کو خراجِ تحسین

جمعہ 16 مئی 2025 14:00

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام حیدرآباد میں یومِ تشکر بڑی عقیدت اور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر سرکٹ ہاؤس میں ایک مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی اور پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں ایم این اے طارق علی شاہ جاموٹ، میئر حیدرآباد کاشف شورو، کمشنر بلال احمد میمن، ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن، ایس ایس پی عدیل چانڈیو اور اے ڈی سی ون گدا حسین سومرو شامل تھے۔

اس موقع پر مختلف محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی رہنما، شہریوں اور سکولوں کے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد پولیس کے چست و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ تقریب میں ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلوز کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار کیا گیا۔ طلباء و طالبات نے دلکش انداز میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی سوچ مختلف ہو سکتی ہے، لیکن وطن کی سالمیت پر پوری قوم ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 25 کروڑ عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کی ہر جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے نہ صرف سرحدوں کا دفاع کیا بلکہ ملک کے اندر مایوسی پھیلانے والوں کو بھی کرارا جواب دیا ہے۔ قوم اپنی فوج کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ آخر میں پاک فوج کی حمایت میں ایک ریلی بھی نکالی گئی جس میں شہریوں نے بھرپور شرکت کر کے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔