Live Updates

سکھر آئی بی اے میں یوم تشکر منایا گیا ، پروقار تقریب منعقد کی گئی

جمعہ 16 مئی 2025 14:10

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں "یومِ تشکر" قومی جذبے اور وقار کے ساتھ منایا گیا۔سکھر آئی بی اے یونیورسٹی میں "یومِ تشکر" کی پُر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں آپریشن "بُنیان المرصوص" کی کامیاب تکمیل اور پاکستان کی مسلح افواج کی جرات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ یہ دن حب الوطنی اور قومی فخر کے جذبے سے بھرپور ماحول میں منایا گیا۔

تقریبات کا آغاز سینٹرل کیفےٹیریا لان میں پرچم کشائی اور خصوصی دعا سے ہوا، جس کے بعد یونیورسٹی آڈیٹوریم میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں قرآنِ پاک کی تلاوت، قومی ترانہ، ملی نغموں پر مبنی ٹیبلو، اور طلبہ کے پُر اثر خطابات شامل تھے، جنہوں نے قومی اتحاد و یکجہتی کے جذبے کو مزید تقویت بخشی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ نے اپنے خطاب میں پوری قوم کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہاکہبھارت نے ایک بار پھر رات کی تاریکی میں ہماری قوتِ ارادی کو آزمانے کی کوشش کی—مگر سچ ہمیشہ غالب آتا ہے۔ پاکستان کا جواب نہ صرف نپاتلا تھا بلکہ اصولی بھی، صرف سٹریٹجک اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ ہمیں ہر سال یہ دن اس عزم کی تجدید کے طور پر منانا چاہیے کہ جب ہم متحد ہوں تو کوئی طاقت ہماری خودمختاری کو چیلنج نہیں کر سکتی۔

پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید میر محمد شاہ نے پاک فوج کی بہادری اور تکنیکی برتری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے ہماری طاقت کو کم سمجھا۔ رافیل سمیت چھ لڑاکا طیارے تباہ ہوئے۔ یہ صرف عسکری کامیابی نہیں بلکہ امن کا پیغام ہے۔ اگر بھارت امن چاہتا ہے تو ہم تیار ہیں، لیکن اگر دوبارہ للکارا گیا تو جواب اس سے بھی شدید ہو گا۔

یونیورسٹی کے طلبہ نے وطن سے محبت کے جذبے سے لبریز تقاریر اور ملی ٹیبلو پیش کیے، جنہوں نے سامعین کو گہرے جذبات سے سرشار کر دیا۔ ان کی پرفارمنسز قوم کے حوصلے، اتحاد اور قربانیوں کی یاد دہانی کا مؤثر ذریعہ بنیں۔تقریب میں اساتذہ، انتظامیہ، طلبہ، اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا اختتام اتحاد، فخر اور پاکستان کے دفاع، ترقی اور خوشحالی کے لیے نئے عزم کے ساتھ ہوا ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات