Live Updates

یونیورسٹی آف سرگودھامیں’’یومِ تشکر‘‘ قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا

جمعہ 16 مئی 2025 17:49

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ’’یومِ تشکر‘‘ قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ یہ دن افواجِ پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف کیے جانے والے آپریشن بنیان مرصوص میں فتح کی خوشی میں منایا گیا تاکہ قوم کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے اور اُن کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کیا جا سکے۔

تقریبات کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا،جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کی۔ اس موقع پرطلبہ کی جانب سے حب الوطنی کو اُجاگر کرنے کے لیے ملی نغمے بھی پیش کیے گئے۔ پرچم کشائی کے بعد پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قیادت میں یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا جو وائس چانسلر آفس سے شروع ہو کر یونیورسٹی کے فوارہ چوک پہنچ کر اختتام پذیرہوئی۔

(جاری ہے)

یہ واک قومی وحدت، ہم آہنگی کو اجاگر کرنے اورپاک فوج کی قابل قدر دفاعی خدمات کو سراہنے کے لیے منعقد کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص میں حاصل ہونے والی فتح افواجِ پاکستان کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور اعلیٰ قیادت کی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر قیادت افواجِ پاکستان نے جو قربانیاں دی ہیں اور جس طرح دفاع کو یقینی بنایا ہے، وہ نہ صرف ہمارے حال بلکہ ہمارے مستقبل کے ضامن ہیں،آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں، جو ہر آزمائش میں سیسہ پلائی دیوار بن کر اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔

اتحاد، یقین، اور قربانی کا جذبہ ہی ہماری اصل طاقت ہے اور ہم بحیثیتِ قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔مزید برآں انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیر اہتمام فن پاروں کی نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح وائس چانسلر نے کیا۔ اس میں طلبہ کے بنائے گئے فن پارے، پوسٹرز اور بصری اظہار شامل تھے، جن کے ذریعے افواجِ پاکستان کی شجاعت، استقامت اور حکمتِ عملی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

شعبہ کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سٹڈیز کے طلبہ نے بھی اس نمائش میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔بعد ازاں کمیٹی روم میں کیک کاٹنے کی تقریب منعقد ہوئی جبکہ ایک سیمینار کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں آپریشن کی سٹریٹجک اہمیت، قومی سلامتی پر اس کے اثرات اور قومی حوصلے پر پڑنے والے مثبت اثرات پر روشنی ڈالی گئی۔ سیمینار میں شعبہ سیاسیات و بین الاقوامی تعلقات اور شعبہ تاریخ و مطالعہ پاکستان کے اساتذہ و طلبہ نے شرکت کی۔

یونیورسٹی آف سرگودھا کے ویب ٹی وی پر یوم تشکر کے حوالے سے خصوصی پروگرام بھی نشر کیے گئے۔علاوہ ازیں ان تقریبات کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر فیروزالدین شاہ نے ملکی سلامتی اور شہداء کے لئے خصوصی دعا کی۔ان تقریبات میں ڈینز، ڈائریکٹرز، اساتذہ، انتظامی عملہ اور طلبہ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات