خواتین یونیورسٹی ملتان میں یوم تشکر کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد

جمعہ 16 مئی 2025 17:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر خواتین یونیورسٹی ملتان میں یوم تشکر منایاگیا اور ریلی نکالی گئی۔ ترجمان کے مطابق ایچ ای ڈی کی ہدایت پر دیگر یونیورسٹیوں کی طرح خواتین یونیورسٹی میں یوم تشکر منایاگیا اور ریلی نکالی گئی،جس کی قیادت پرووائس چانسلر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کی۔ پرچم کشائی اور گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کلثوم پراچہ کہا کہ یہ تقریب اوریلی پاکستان کی فتح اور قومی اتحاد کے عزم کی عکاس ہے، مادرِ وطن کا دفاع ہر پاکستانی کا اولین فریضہ ہے،ہمارے بہادر جوانوں نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، قوم کو اپنے سپوتوں پر فخر ہے اور شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے اور عوام ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے،خواتین یونیورسٹی کا سٹاف اور طالبات ملکی دفاع میں ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہیں گی،جب بھی ملک کو ضرورت ہوگی ہم پیش پیش ہوں گے ۔

آخر میں ملکی استحکام سلامتی کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی ۔اس موقع پر رجسٹرار ملکہ رانی ، خزانہ دار سارہ مصدق ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر حنا علی ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئر ڈاکٹر عدیلہ سعید نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہم اپنے بہادر شہداء، غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،جنہوں نے اس تاریخی کامیابی میں اپنا کردار ادا کیا۔تقریب میں اساتذہ ، انتظامی سٹاف اور طالبات بھی موجود تھیں ۔