Live Updates

آزاد جموں وکشمیر میں یوم تشکر قومی عزم اور تجدید عہد کے ساتھ منایا گیا

جمعہ 16 مئی 2025 17:51

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) آزاد جموں وکشمیر میں بھی معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل پر یوم تشکر قومی عزم اور تجدید عہد کے ساتھ منایا گیا۔یومِ تشکر کی مناسبت سے دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ یہ سلامی قوم کے اُن سپوتوں کے نام تھی جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر وطن کی حرمت کا دفاع کیا۔

مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں اس موقع پر مساجد میں خصوصی دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں۔خصوصی دعاؤں میں شہداء کے درجات کی بلندی، ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔مرکزی تقریب نیو سیکرٹریٹ مظفرآباد میں منعقد ہوئی وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید،چیف سیکرٹری آزاد کشمیرخوشحال خان،سیکرٹریز حکومت،سربراہان محکمہ جات، نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی۔یوم تشکر کے موقع پر آزاد کشمیر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہدا کی یادگار شہدا پر سلامی دی، نیوسول سیکرٹریٹ سے یادگارشہدا تک ریلی بھی نکالی گئی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید نے کہا ہے کہ یومِ تشکر کے اس تاریخی دن کے موقع پر میں پوری پاکستانی قوم، بالخصوص آزاد کشمیر کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

''آپریشن بنیان مرصوص'' نہ صرف ایک عسکری کامیابی ہے بلکہ یہ ہماری قومی حمیت، خودداری، اور قربانی کے جذبے کی عملی تصویر ہے۔جب دشمن نے رات کی تاریکی میں میزائل حملوں کے ذریعے پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا، تب ہماری افواج نے برق رفتاری سے جواب دے کر دشمن کو وہ سبق سکھایا جو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ بھارت کو نہ صرف فوری جنگ بندی پر مجبور ہونا پڑا بلکہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کی دفاعی صلاحیت، حکمتِ عملی اور عزم کو سراہا گیا۔

یہ کامیابی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ افواجِ پاکستان نہ صرف جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہیں، بلکہ یہ قومی وقار اور امتِ مسلمہ کی امیدوں کا مرکز بھی ہیں۔ آج ہم اُن شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس آپریشن میں اپنی جانیں قربان کر کے ہمیں یہ دن نصیب کیا۔ ہم اُن معصوم شہریوں اور بچوں کو بھی نہیں بھول سکتے جو بھارتی جارحیت کی بھینٹ چڑھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات