یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں معرکہ بنیان مرصوص کی فتح پر اظہار تشکر ریلی کا انعقاد

جمعہ 16 مئی 2025 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کی قیادت میں معرکہ بنیان مرصوص کی فتح پر اظہار تشکر ریلی نکالی گئی جو جامع مسجد سے شروع ہوکر لائبریری چوک پر اختتام پزیر ہوئی ۔ریلی میں اساتذہ،طلبہ اور ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے پلے کارڈ اوربینزراٹھا رکھے تھے جس پر پاک افواج کے حق میں نعرے درج تھے ۔

ریلی سے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوای ٹی اساتذہ، طلبہ وملازمین افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ملک کی خودمختاری کے دفاع کیلئے پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نےکہا کہ افواج کی قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے، یوای ٹی کے پلیٹ فارم سے ہم سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی مسلح افواج سے تعاون کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزیدکہا کہ آج ہم اللہ تعالی کے حضور سجدہ ریز ہیں کہ اس کی خاص نصرت سے کامیابی ملی ،اس کامیابی پر ہم نے جمعہ کی نماز کے بعد دعاء اور شکرانے کے نوافل اداکیے۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم بھی تھام رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کررہے تھے۔ریلی کے شرکاء نے بھارتی جارحیت کے خلاف بھی نعرے بازی کی اور بھارتی جارحیت پر مسلح افواج کے منہ توڑ جواب پر پرجوش نظر آئے۔