ڈپٹی کمشنرسوراب کی زیرصدارت آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب

جمعہ 16 مئی 2025 19:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر سوراب حبیب نصیر کی زیر صدارت’’یومِ تشکر‘‘ کے حوالے سےپروقار اور جذبہ حب الوطنی سے لبریز پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا مقصد افواجِ پاکستان کی جانب سے آپریشن بنیان مرصوص میں حاصل کی گئی شاندار کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔ اس کامیاب آپریشن نے نہ صرف دشمن بھارت کی جارحیت کا مؤثر جواب دیا بلکہ پاکستان کی سرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

تقریب میں ضلع سوراب کے ایس ایس پی محمد ایوب خان اچکزئی، ایف سی 61 ونگ کے میجر عقیل، اسسٹنٹ کمشنر سوراب شئے اکبر علی سمیت تمام ضلعی محکموں کے سربراہان، سرکاری افسران، معزز صحافی، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے شہری، عمائدین علاقہ اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب کا آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا جس کے بعد شرکاء نے ریلی کی صورت میں افواجِ پاکستان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

ریلی میں شریک افراد نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور اپنی مکمل وفاداری اور حمایت کا اعادہ کیا۔ حب الوطنی سے لبریز اس ریلی نے واضح پیغام دیا کہ قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر سطح پر ملکی سلامتی کے لیے تیار ہے۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی، اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جس میں تمام شرکاء نے شرکت کی اور اجتماعی طور پر ملکی استحکام اور امن کے لیے دعا گو ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر سوراب نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے۔ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کی بدولت ہم امن اور سلامتی کی فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ آج ہم اْن عظیم سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔یہ تقریب قوم کے اس پیغام کی عکاس تھی کہ پاکستان کے عوام اپنے محافظوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ ’’یومِ تشکر‘‘ محض ایک تقریب نہیں بلکہ ایک عہد ہے۔