Live Updates

گاڑیاں سستی ہونے کا امکان

نئے مالی سال کے بجٹ میں گاڑیوں پر 15 سے 90 فیصد عائد ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کی تجویز

muhammad ali محمد علی جمعہ 16 مئی 2025 20:29

گاڑیاں سستی ہونے کا امکان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی2025ء) گاڑیاں سستی ہونے کا امکان، نئے مالی سال کے بجٹ میں گاڑیوں پر 15 سے 90 فیصد عائد ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کی تجویز۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں گاڑیوں کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے افراد کیلئے ایک حوصلہ افزاء خبر سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی ذرائع نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں گاڑیوں پر عائد ٹیکسوں میں کمی کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں گاڑیوں سمیت کئی دیگر سیکٹرز میں ٹیکسز میں کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ نئے بجٹ میں گاڑیوں اور پرزہ جات پر ٹیکسز میں کمی کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ پرزہ جات پر موجودہ 2 فیصد ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی کو صفر کیا جائے گا۔ 4 سے 7 فیصد والے سلیب میں بھی بتدریج کمی کی تجویز زیر غور ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح گاڑیوں پر 15 سے 90 فیصد عائد ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کی تجویز بھی ہے۔

تاہم اس حوالے سے تاحال حکومت کی جانب سے کوئی باقاعدہ اعلان نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد مواقعوں پر حکومتی ذرائع کی جانب سے گاڑیوں پر عائد ٹیکسوں میں کمی کرنے کا عندیہ دیا گیا، تاہم اس حوالےسے کوئی عملی پیش رفت نہ ہوئی۔ گزشتہ 3 برسوں کے دوران پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں 100 فیصد سے بھی زائد اضافہ ہوا، جس کے باعث ملک کا آٹو سیکٹر ملکی تاریخ کے بدترین دور سے گزرا۔

گزشتہ 3 سالوں میں گاڑیوں کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے بعد قیمتوں میں کوئی خاطر خواہ کمی نہ آ سکی۔ سوائے چند بڑی اور انتہائی مہنگی گاڑیوں کے، ملک میں فروخت ہونے والی بیشتر گاڑیوں کی قیمتوں میں کوئی کمی نہ ہو سکی۔ اسی باعث ملک کی دیگر صنعتوں کی طرح آٹو سیکٹر بھی مسلسل سکڑاو کا سامنا کر رہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات