درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، محکمہ موسمیات کی وارننگ

ہفتہ 17 مئی 2025 15:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) محکمہ موسمیات نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ گرمی اور جان لیوا بیماریوں سے بچنے کے لیے سخت احتیاطی اقدامات کریں۔ رواں ہفتہ کے اختتام تک درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم نے اپنے انٹر ویو میں شہریوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا کیونکہ اسلام آباد اور دیگر شہروں کا موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے ۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان ہیٹ ویو کی زد میں ہیں، جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت اوسط سے 4-6 ڈگری زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مویشیوں کے مالکان پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے جانوروں کو شدید گرمی سے بچائیں ۔ انہوں نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا کہ اپنے نظام الاوقات کو موسمی حالات کے مطابق ڈھالیں۔

انہوں نے ہلکے رنگ کے، ڈھیلے ڈھالے سوتی کپڑے پہننے اور براہ راست سورج کی روشنی سے بچنے کے لیے چھتری، ٹوپی یا دھوپ کا چشمہ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جاری گرمی کی لہر کے دوران تمام محکموں کو چوکس رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔