Live Updates

پاکستانی خاتون پولیس افسر انعم شیر خان نے عالمی تحقیقاتی ایوارڈ جیت لیا

ہفتہ 17 مئی 2025 17:52

پاکستانی خاتون پولیس افسر انعم شیر خان نے عالمی تحقیقاتی ایوارڈ جیت ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 مئی 2025ء)پاکستانی پولیس فورس کو بین الاقوامی سطح پر ایک شاندار اعزاز حاصل ہوا ہے، جب اے ایس پی انعم شیر خان نے دبئی میں منعقدہ ورلڈ پولیس سمٹ 2025 میں "Excellence in Criminal Investigation" کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے دنیا بھر سے آنے والے پولیس افسران میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ بین الاقوامی ایوارڈ انعم شیر خان کو دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ایک باوقار تقریب کے دوران دبئی پولیس کے کمانڈر ان چیف نے پیش کیا۔

اس ایوارڈ کے لیے 192 ممالک سے منتخب افسران کی کارکردگی کو جانچا گیا، جہاں انعم شیر خان نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی مہارت اور قابلیت سے عالمی ججز کا اعتماد حاصل کیا۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کی کریمینل انویسٹی گیشن کے میدان میں غیر معمولی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان اور پنجاب پولیس کے لیے ایک تاریخی کامیابی بھی ہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس کامیابی پر انعم شیر خان کو مبارکباد دی اور کہا کہ ’’یہ کارنامہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔

انعم شیر خان جیسی باصلاحیت افسران مستقبل میں ہماری پولیس لیڈر شپ کی بنیاد ہوں گی۔‘‘ ورلڈ پولیس سمٹ کو دنیا بھر کی پولیس فورسز کا سب سے بڑا اور مؤثر پلیٹ فارم تصور کیا جاتا ہے، جہاں ہر سال جدید پولیسنگ، ٹیکنالوجی، اور قیادت میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران کو اعزازات دیے جاتے ہیں۔ اس سال پنجاب پولیس کے ایک اور افسر، ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان، کو "Best Artificial Intelligence Implementation in Policing" کیٹیگری میں دوسری پوزیشن کا اعزاز حاصل ہوا، جو کہ پاکستان کی جدید پولیسنگ کی جانب بڑھتے قدموں کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ اعزازات اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی پولیس افسران نہ صرف عالمی معیار پر پورا اترتے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام بھی روشن کر رہے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات