Live Updates

ن لیگ نے ایٹمی دھماکے کئے اور اب جنگ جیت کر ثابت کردیا کہ ہم پاکستان کا بہتر دفاع کرنا جانتے ہیں

بھارت کی کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے دفاعی نظام کو ہمہ وقت تیاررکھا جائے، پاک فضائیہ نے بھارت کے غرور گھمنڈ کو گھر بیٹھے خاک میں ملا دیا۔ صدر پی ایم ایل این نوازشریف سے وزیراعظم شہبازشریف کی ملاقات، گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 17 مئی 2025 19:13

ن لیگ نے ایٹمی دھماکے کئے اور اب جنگ جیت کر ثابت کردیا کہ ہم پاکستان ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 17 مئی 2025ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ن لیگ نے ایٹمی دھماکے کئے اور اب جنگ جیت کر ثابت کر دیا پاکستان کا دفاع ہم بہتر کرنا جانتے ہیں۔ میڈیا کے مطابق صدر پی ایم ایل این نوازشریف سے وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔

ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی صدر نوازشریف کو بھارت کیساتھ سیز فائر کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ نواز شریف نے تینوں مسلح افواج کے سربراہان کو بھارت کیخلاف جنگ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔ نوازشریف نے کہا کہ چین، ترکیے، آذربائیجان نے مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ دوستی کا حق ادا کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی بہادر فورسز نے عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ بھارت کے جنگی جنون نے خطے کے امن و سلامتی کو داو پر لگا دیا ہے، بھارت کی کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کیلئے دفاعی نظام کو ہمہ وقت تیار رکھا جائے۔ نیوزایجنسی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور بھرپور عزم سے سرزمین وطن کا دفاع کیا، اس حوالے سے پاکستان کی پارلیمنٹ نے بھی نہایت مثبت اور توانا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے لیے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند اقدام ہے۔ عوام کے نمائندوں نے 24 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے ان خیالات کا اظہار سینٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج رائیونڈ میں ان سے ملاقات کی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔ سابق وزیراعظم نے پاکستانی میڈیا کو بھی خراج تحسین پیش کیا جس نے سچ پر مبنی بیانیہ کو دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات