Live Updates

افواجِ پاکستان نے روایتی دشمن بھارت کو ہر محاذ پر دندان شکن جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

ہفتہ 17 مئی 2025 22:23

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) افواجِ پاکستان نے اپنے پیشہ ورانہ عزم، قربانی اور شجاعت سے روایتی دشمن بھارت کو ہر محاذ پر دندان شکن جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ آپریشن ’’بنیانِ مرصوص‘‘ میں پاک فوج کی شاندار کامیابی ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن سنہری باب ہے اس کامیاب کارروائی نے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دئیے اور ملکی سلامتی کو ناقابل تسخیر حصار فراہم کیاہے جس پر پوری قوم اپنے حقیقی ہیروز افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے عوامی رابطہ آفس کوبے چک میں آپریشن’’ بنیان مرصوص ‘‘میں شاندار کامیابی پر اپنی مسلح افواج سے اظہار یک جہتی ،اور انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے سپہ سالارِ پاکستان، حافظ سید عاصم منیر کی ولولہ انگیز، بصیرت اور فقیدالمثال قیادت کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ایک ایک قدم دشمن کے لیے زلزلہ اور قوم کے لیے عزم و حوصلے کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حافظ سید عاصم منیر نہ صرف عسکری قیادت کے روشن ستارے ہیں بلکہ روحانی بصیرت اور حب الوطنی کے امتزاج سے مزین ایک مردِ درویش بھی ہیں، جن کی قیادت میں پاکستان دفاعی استحکام کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور سپہ سالار کے ہر حکم کو بجا لانا اپنے لیے باعثِ سعادت سمجھتی ہے۔تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، قومی پرچم لہرایا گیا، اور ’’افواجِ پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے بلند کیے گئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات