حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کیلے پرعزم ہے، خواجہ عمران نذیر

ہفتہ 17 مئی 2025 23:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) صوبائی وزیر صحت وآبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیوں کے لیے پرعزم اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر تمام تحصیل و ضلعی ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن و ری ویمپنگ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز سرگودہا کے دورہ کے دوران تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بھاگٹانوالہ، 90 جنوبی اور ''کلینک آن ویل'' کے معائنے کے موقع پر کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ دور دراز اور دیہی علاقوں میں صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ایچ کیو بھاگٹانوالہ اور 90 جنوبی کی عمارات ناقص حالت میں ہیں، جن کی فوری ری ویمپنگ کے لیے احکامات جاری کیے جا رہے ہیں، اس مقصد کے لیے انہوں نے پیر کے روز ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں ری ویمپنگ کے منصوبہ جات، فنڈز کی دستیابی اور تکمیل کی مدت پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے دونوں ہسپتالوں کے مختلف شعبہ جات، جن میں آئوٹ ڈور، ان ڈور، ایمرجنسی، ایکسرے یونٹ، فارمیسی اور لیبارٹری شامل ہیں، کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور موقع پر موجود مریضوں و لواحقین سے گفتگو کر کے سہولیات سے متعلق آرا حاصل کیں۔ انہوں نے بعض مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود طبی عملہ جس جانفشانی اور خدمت کے جذبے سے اپنے فرائض سر انجام دے رہا ہے، وہ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے ٹی ایچ کیو بھاگٹانوالہ کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے لیے تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا۔ صوبائی وزیر نے ''کلینک آن ویل'' کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس دور افتادہ علاقوں میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کا موثر ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ان یونٹس کی کارکردگی پر مسلسل نظر رکھی اور انہیں مزید فعال بنایا جائے۔

خواجہ عمران نذیر نے ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی، معیار اور ایکسپائری ڈیٹس کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہیلتھ کونسل کے بجٹ کا استعمال شفاف اور عوامی فلاح کے اصولوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ وزیر صحت نے مزید بتایا کہ حکومت نے صوبہ بھر کے تمام جیل ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ قیدیوں کو بھی مناسب طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دورہ کے دوران صوبائی وزیر کے ہمراہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد اور اسسٹنٹ کمشنر سید اسد عباس شیرازی بھی موجود تھے۔