کشمیر کے دیرینہ تنازعے کا حل نکلے گا تو خطے میں پائیدار امن قائم ہو گا،شرافت علی خلجی

صدر ٹرمپ کا اعلان ثابت کرتا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کا مسئلہ دوطرفہ نہیں بلکہ بین الاقوامی معاملہ ہے

اتوار 18 مئی 2025 14:40

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ثالثی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اپنے خصوصی بیان میں شرافت علی خلجی نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی ثالثی کے نتیجے میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے دیرینہ تنازعے کا حل نکلے گا اور خطے میں پائیدار امن قائم ہو گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کا اعلان ثابت کرتا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کا مسئلہ دوطرفہ نہیں بلکہ بین الاقوامی معاملہ ہے اس مسئلے کو عالمی برادری نے حل کرنا ہے چنانچہ اب اقوام متحدہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں آگے آئے اور دیرینہ مسئلہ حل کروائے امریکی صدر ٹرمپ کو بھی پتہ ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال انتہائی نازک ہے پوری دنیا جانتی ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر اس وقت دنیا کی سب سے بڑی انسانی جیل ہے اور قابض بھارتی افواج کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو مسئلہ کشمیر کے لئے کردار ادا کرنا چاہیے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے اورریاست کی گزشتہ کئی نسلیں کشمیر کی آزادی کے لئے اپنی قربانی دے چکی ہیںجنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لئے تنازعہ کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل انتہائی ضروری ہے۔