زرعی تحقیق میں سندھ زرعی یونیورسٹی کا کلیدی کردار ہے، وائس چانسلر

اتوار 18 مئی 2025 16:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا ہے کہ ملک کی دیگر زرعی جامعات کی طرح یہ یونیورسٹی بھی زرعی سائنس اور تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے ریڈیو پاکستان کے قومی نشریاتی رابطے کے پروگرام "سرسبز پاکستان" میں گفتگو کر تے ہوئے کیا، جو ریڈیو پاکستان حیدرآباد کے اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیا گیا۔

ڈاکٹر الطاف سیال نے کہا کہ یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹیز میں فصلوں کی نئی اجناس، جانوروں کی سائنسی بنیادوں پر افزائش، اور دیگر شعبہ جات میں تحقیقی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیق کا مقصد مقامی زراعت کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنا ہے تاکہ کاشتکاروں کو عملی فائدہ پہنچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، ایسی صورت حال میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے بیج تیار کیے جائیں جو موسمیاتی دباؤ کو برداشت کر سکیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی میں ملکی و غیر ملکی اداروں کے تعاون سے اس حوالے سے تحقیق جاری ہے تاکہ مقامی زراعت کو ماحولیاتی نقصانات سے بچایا جا سکے۔اس موقع پر ریڈیو پاکستان حیدرآباد کے اسٹیشن ڈائریکٹر ڈاکٹر علی اکبر ہنگورجو نے ڈاکٹر الطاف سیال کو اپنی تصنیف "ماحولیاتی بحران اور ہم سب" پیش کی۔