پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن فہد شہباز کا یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ

پیر 19 مئی 2025 17:58

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن فہد شہباز نے یونیورسٹی آف سرگودھا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس سے ملاقات کی ۔انہوں نےیوتھ پروگرام کے مستفید طلبہ سے بات چیت کی اور یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ کی سہولت کے لیے قائم کردہ مختلف مراکز کا دورہ کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے یونیورسٹی کے دیگر سینئر حکام کے ہمراہ مہمان کو خوش آمدید کہا۔ وائس چانسلر آفس میں ہونے والی ملاقات میں ڈائریکٹر اکڈیمکس ڈاکٹر عظمیٰ ، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن، اور پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن ڈاکٹر بلال احمد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کے لیے مختلف اقدامات پر گفتگو ہوئی۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے مہمان کو یونیورسٹی کی تعلیمی اور انتظامی ترقی سے آگاہ کیا اور ہنر پر مبنی تعلیم کی فراہمی سے متعلق یونیورسٹی کی پالیسی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی طلبہ میں کاروباری ذہن سازی اور اختراع کو فروغ دے رہی ہے جو وزیراعظم کے خود کفیل اور ترقی یافتہ پاکستان کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔

بعد ازاں فہد شہباز نے یوتھ پروگرام سے مستفید تقریباً 200 طلبہ سے ایک تعارفی سیشن میں خطاب کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کی ترقی کے لیے وزیراعظم کے تعلیم، روزگار، ماحول اور شمولیت کے وژن پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے لیپ ٹاپ سکیم، سکالرشپ پروگرامز، یوتھ بزنس لون، سکل ڈویلپمنٹ پروگرام، اڑان پاکستان، گرین یوتھ موومنٹ، یوتھ سپورٹس کلب، ڈیجیٹل یوتھ ہب اور دیگر اقدامات کا تعارف پیش کیا جو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جاری ہیں۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور ملکی سماجی و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ سیشن کے اختتام پر سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہوا جس میں طلبہ نے حکومتی یوتھ پروگرامز سے متعلق مختلف امور پر گفتگو کی۔دورے کے دوران فہد شہباز نے وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر، کیریئر ڈویلپمنٹ سینٹر اور وحید وائیں انکیوبیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کی فلاح و بہبودکے لیے عملی اقدامات، معیاری تعلیمی ماحول کی فراہمی اور کیمپس کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔