Live Updates

پاک بھارت کشیدگی: بی سی سی آئی کا ایشیا کپ سے دستبرداری کا فیصلہ

پیر 19 مئی 2025 21:42

پاک بھارت کشیدگی: بی سی سی آئی کا ایشیا کپ سے دستبرداری کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2025ء) بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف رویہ ایک بار پھر کھیل کے میدان کو متاثر کرنے لگا ہے، بھارت نے ایشیا کپ 2025 کو ایک بار پھر سیاسی تعصب کی بھینٹ چڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت، جو پہلے ہی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ کھیلنے سے انکاری ہے، اب ایشیائی کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے تحت ہونے والے کثیر ملکی ٹورنامنٹس سے بھی راہ فرار اختیار کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے ایشیا کپ سے دستبرداری پر غور شروع کر دیا ہے، جس کی سربراہی اس وقت پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کر رہے ہیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم ایک ایسے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکتی جس کی قیادت ایک پاکستانی کر رہا ہو، یہ قوم کا جذبہ ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایشیا کپ 2025 کی میزبانی بھارت کو دی گئی تھی، لیکن پاکستان کے خلاف میچ نہ ہونے کی صورت میں ٹورنامنٹ کی مالی اہمیت ختم ہو جاتی ہے۔ بھارت کی اس ضد سے نہ صرف ایشیائی کرکٹ متاثر ہوگی بلکہ سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان جیسے ممالک بھی مالی نقصان کا شکار ہوں گے، جو اس ایونٹ سے ریونیو حاصل کرتے ہیں۔ایشیا کپ جیسے بڑے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ توجہ کا مرکز پاک-بھارت ٹاکرا ہوتا ہے، جسے دنیا بھر میں کروڑوں شائقین دیکھتے ہیں۔

لیکن بھارت کی پاکستان دشمنی نہ صرف کھیل کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے بلکہ پورے خطے کی کرکٹ کے مستقبل کے لیے خطرناک ہے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ 2024 میں بھارت ہی کے سونی پکچرز نیٹ ورکس نے ایشیا کپ کے میڈیا حقوق 170 ملین ڈالر میں حاصل کیے تھے۔ لیکن اگر بھارت ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرتا یا اسے منسوخ کرتا ہے تو اس ڈیل پر بھی اثر پڑے گا۔2023 کے ایشیا کپ میں پاکستان نے فراخدلی دکھاتے ہوئے ایک ہائبرڈ ماڈل کو قبول کیا تھا جس کے تحت کچھ میچز سری لنکا میں کروائے گئے، لیکن بھارت نے تب بھی پاکستان میں کھیلنے سے انکار کیا۔

اب ایک بار پھر بھارتی بورڈ کا رویہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت کھیل کو بھی اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھانے سے باز نہیں آتا۔پاکستانی شائقین اور کرکٹ ماہرین نے بھارت کے اس فیصلے کو کھیل دشمنی اور علاقائی کرکٹ کے قتل عام سے تعبیر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بی سی سی آئی نے واقعی ایشیا کپ سے پیچھے ہٹنے کی کوشش کی تو یہ ثابت ہو جائے گا کہ بھارت محض ایک بزدل کرکٹ دشمن ریاست ہے، جو میدان سے پہلے ہی شکست تسلیم کر چکی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات