Live Updates

یمن پر امریکی حملہ انسانی ہمدردی کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

امریکہ نے ایک معروف حراستی مرکز پر حملہ کیا جہاں حوثیوں نے مہاجرین کو حراست میں لے رکھا تھا،بیان

منگل 20 مئی 2025 15:38

یمن پر امریکی حملہ انسانی ہمدردی کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، ایمنسٹی ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ باغیوں کے زیرِ قبضہ یمن میں تارکینِ وطن کے حراستی مرکز پر مہلک حملے میں بین الاقوامی قوانین کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے۔میڈیارپورٹس کے مطابق باغی حکام نے اس وقت کہا تھا کہ گذشتہ ماہ کے حملے میں صعد میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے ایک مرکز میں زیرِ حراست 68 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس پر بین الاقوامی سطح پر خطرے کی گھنٹی بج گئی تھی اور یہ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے خلاف امریکی بمباری مہم کا حصہ تھا۔ایمنسٹی کی سیکریٹری جنرل اگنیس کالمارڈ نے کہا، امریکہ نے ایک معروف حراستی مرکز پر حملہ کیا جہاں حوثیوں نے مہاجرین کو حراست میں لے رکھا تھا۔

(جاری ہے)

حوثیوں نے کہا تھا کہ ہلاک ہونے والے تمام تارکینِ وطن افریقی ممالک سے تھے۔

کالمارڈ کے نزدیک اس حملے میں عام شہریوں کی جان کا بڑا نقصان اس سلسلے میں سنگین خدشات پیدا کرتا ہے کہ آیا امریکہ نے بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی تعمیل کی ہے۔انہوں نے مزید کہا، امریکہ کو اس فضائی حملے کی فوری، آزاد اور شفاف تحقیقات کرنی چاہئیں۔ایک امریکی دفاعی اہلکار نے حملے کے بعد بتایا تھا کہ فوج نے یمن میں امریکی حملوں سے متعلق شہری ہلاکتوں کے دعووں کے بارے میں جنگ میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ اور تحقیقات شروع کر دیں۔

ایمنسٹی نے یمن میں تارکینِ وطن اور پناہ گزینوں کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں کا حوالہ دیا اور متثرین کا علاج کرنے والے دو ہسپتالوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایتھوپیا کے دو درجن سے زائد تارکینِ وطن کو شدید زخمی حالت میں دیکھا جن میں اعضا کا کٹ جانا بھی شامل ہے۔گواہان نے ایمنسٹی کو بتایا کہ دونوں ہسپتالوں کے مردہ خانوں میں جگہ ختم ہو چکی تھی۔

مارچ کے وسط میں امریکہ نے حوثیوں کے خلاف ایک شدید اور تقریبا روزانہ کی بنیاد پر فوجی حملے شروع کر دیئے تھے جن کا اختتام اس ماہ کے شروع میں امریکہ اور حوثیوں کے جنگ بندی معاہدے سے ہوا۔ایمنسٹی نے کہا کہ اس نے یمن کے شمال میں واقع صعد پر گذشتہ ماہ ہونے والے حملے کے مقام سے سیٹلائٹ تصاویر اور فوٹیج کا تجزیہ کیا تھا۔آزادانہ تحقیقات پر حوثیوں کی پابندیوں کا حوالہ دیتے ہوئے گروپ نے کہا کہ وہ نشانہ بنائے گئے جیل کے احاطے میں ایک جائز فوجی ہدف کی حتمی شناخت کرنے سے قاصر تھا۔

ایمنسٹی نے کہا، کوئی بھی حملہ جو ایک طرف شہریوں اور شہری اشیا اور دوسری طرف جائز فوجی اہداف کے درمیان فرق کرنے میں ناکام ہو حتی کہ ایک ہی احاطے کے اندر، وہ ایک اندھا دھند حملہ اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات