Live Updates

پاکستان فیشن انڈسٹری کی برآمدات کے ذریعے بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے،ترجمان پٹیا

منگل 20 مئی 2025 15:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر ملکی برآمدات میں 60 فیصدحصہ کے باعث معیشت کا ایک اہم ستون ہے تاہم اگر مغربی خریداروں کی توجہ حاصل کرلی جائے تو پاکستان فیشن انڈسٹری کی برآمدات کے ذریعے مزید بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے جبکہ بین الاقوامی معیار کی مصنوعات کی تیاری کیلئے ٹیکسٹائل سیکٹر کو ماہر افرادی قوت کی فراہمی بھی ضروری ہے۔

پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے ٹیکسٹائل کی صنعت کی تیز رفتار گروتھ کے بارے میں بتایا کہ اس صنعت کیلئے ماہر افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے نیز پاکستان اگر مغربی خریداروں کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو وہ فیشن انڈسٹری کی برآمدات کے ذریعے بھاری زرمبادلہ کما سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی فیشن انڈسٹری کیلئے اعلیٰ ترین معیاری کام اور فن کے ذریعے پاکستان کے تاثر کو تبدیل کرنے کیلئے سرکاری اور نجی شعبے کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فیشن انڈسٹری اربوں ڈالر کی بین الاقوامی فیشن مارکیٹ میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے کیونکہ پاکستان کی فیشن ڈیزائننگ اورکلاتھنگ انڈسٹری اپنی برآمدی صلاحیت کی وجہ سے قومی معیشت کیلئے ایک اہم شعبہ بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازوں کو مستقبل میں اس شعبے کی ترقی کے وسیع امکانات کے پیش نظر اس شعبے کو تمام ممکن سہولیات فراہم کرنا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی مارکیٹ میں اہم مقام حاصل کرنے کیلئے اپنی فیشن انڈسٹری کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور بین الاقوامی فیشن ڈیزائنرز کے مابین اشتراک ایک سنگ میل ثابت ہوسکتا ہے اور اس سے ملک کیلئے زرمبادلہ کمانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہاتھ سے تیار کڑھائی کے ملبوسات کو دوسرے ممالک کے ڈیزائن کے ساتھ ملاکر اس شعبے میں مزید تخلیق کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب جبکہ نئے مالی سال2025-26 کے بجٹ کی تیاری بھی جاری ہے لہٰذا ان کی ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ اس بجٹ میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹ سیکٹر کیلئے خصوصی رعایات، سہولیات و مراعات کا اعلان کیا جا ئے تاکہ یہ شعبہ حکومتی ایکسپورٹ اہداف کی تکمیل سمیت ملک و قوم کیلئے قیمتی زر مبادلہ کما سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات