Live Updates

سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے افسران کو بروقت اقدامات جاری رکھنا ہوں گے،کمشنر پونچھ ڈویژنًانتظامی افسران لا اینڈ آرڈر کی بہتری اور عوامی مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنائیں تاکہ ریاستی نظام پر عوامی بھروسہ قائم رہے

منگل 20 مئی 2025 17:17

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن نے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور جنگی حالات میں انتظامیہ اور پولیس نے جس جذبے سے عوام کی خدمت کی اور ان کے ساتھ کھڑے رہے، وہ قابل تعریف ہے۔ عوامی اعتماد میں مزید اضافے اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے افسران کو بروقت اقدامات جاری رکھنا ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پونچھ ڈویژن کے چاروں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کمشنر مسعود الرحمن کی زیر صدارت وڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن سردار ظہیر احمد بھی شریک تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق، ڈپٹی کمشنر سدھنوتی ممتاز کاظمی، ڈپٹی کمشنر باغ راجہ صداقت خان، ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ عمران شاہین، ایس پی سدھنوتی راجہ ندیم عارف، ڈی ایس پی سٹی راولاکوٹ اکمل شریف، ڈی ایس پی باغ سیاب عباسی اور ڈی ایس پی حویلی سردار فاروق نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پونچھ ڈویژن نے کہا کہ ریاستی اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ انتظامی افسران لا اینڈ آرڈر کی بہتری اور عوامی مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنائیں تاکہ ریاستی نظام پر عوامی بھروسہ قائم رہے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سردار ظہیر احمد نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پولیس اور سول انتظامیہ کی باہمی تعاون سے ہی خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں موجودہ شدید گرمی اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ پر بھی غور کیا گیا۔ کمشنر نے محکمہ برقیات کو ہدایت کی کہ عوام کو درپیش مشکلات کو فوری ایڈریس کیا جائے۔ ناظم برقیات ذوالفقار عباسی کو ہدایت دی گئی کہ آندھی و طوفان سے متاثرہ بجلی لائنوں کی مرمت جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات