پاکپتن، شادی سے انکارکرنے پر نوجوان نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کرڈالا

مقتولہ نے ملزم سے دوسری شادی کرنے سے انکار کیا تھا، ملزم موقع پا کر خاتون کے گھر میں زبردستی گھس گیا اسے قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 20 مئی 2025 15:15

پاکپتن، شادی سے انکارکرنے پر نوجوان نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کرڈالا
پاکپتن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 مئی 2025)پنجاب کے علاقے پاکپتن میں شادی سے انکارکرنے پر نوجوان نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کرڈالا، شادی سے انکار کرنا خاتون کیلئے جرم بن گیا، مقتولہ نے ملزم سے دوسری شادی کرنے سے انکار کیا تھا،بتایا گیا ہے کہ ملزم آئے روز مقتولہ سے شادی کرنے کا تقاضا کرتا رہتا تھا لیکن مقتولہ نے اس سے شادی کرنے سے انکار کیا تھا جس کا ملزم کو شدیدرنج تھا۔

ملزم موقع پا کر خاتون کے گھر میں زبردستی گھس گیا اسے قتل کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔پولیس نے شواہد اکھٹے کر لئے ۔پولیس کا کہناہے کہ ملزم کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

تفتیش میں مزید حقائق سامنے آئیں گے ۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب کے علاقے چشتیاں میں تھانہ ڈاہرانوالہ کے علاقہ میں شادی سے انکار پر ملزم نے فائرنگ کر کے بیوہ خاتون کو قتل اور اس کے بیٹے کو زخمی کر دیاتھا۔بعدازاں تھانہ ڈاہرانوالہ پولیس نے تعاقب کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔ 16 سالہ زخمی لڑکے رحمان کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نوید 45 سالہ بیوہ خاتون سے شادی کرنا چاہتا تھا۔

پولیس کے مطابق خاتون کے انکار پر ملزم نے اس کے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی تھی جس سے خاتون جاں بحق ہوگئی تھی۔جاں بحق خاتون نسیم بی بی 6 بچوں کی ماں تھی۔ پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تھیں۔ پولیس نے مقتولہ خاتون نسیم بی بی کی لاش کو اپنی تحویل میں لے لیاتھااورپوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال بھجوا دیا تھا۔ تھانہ ڈاہرانوالہ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں تھیں۔

ایک اور واقعہ میں چونیا ں کے گاﺅں برج رن سنگھ میں شادی سے انکار پر نوجوان نے فائرنگ کر کے خاتون کو قتل کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق بعد میںملزم نے فائرنگ کر کے خودکشی کی کوشش بھی کی تھی جسے تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ چونیاں پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا اور مزید تفتیش شرو ع کر دی گئی تھی۔