افغانستان میں آئل ٹینکر اور بس کے درمیان تصام سے 17 بچوں سمیت 76 سے زائد افراد جاں بحق

حادثہ بس کی تیز رفتاری اور ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، تصادم کے بعد بس میں آگ لگ گئی جو بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا باعث بنی. ترجمان کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 اگست 2025 13:15

افغانستان میں آئل ٹینکر اور بس کے درمیان تصام سے 17 بچوں سمیت 76 سے زائد ..
کابل(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 اگست ۔2025 ) افغانستان کے صوبے ہرات میں ٹریفک حادثے میں 17بچوں سمیت 76 افراد ہلاک ہو گئے ہیں مقامی حکام کے مطابق یہ حادثہ ہرات اور کابل کو جوڑنے والی ہائی وے پر منگل کی سہ پہر کو پیش آیا ہرات میں طالبان حکومت کے اطلاعات و ثقافت کے سربراہ احمد اللہ متقی نے بتایا کہ ایران سے واپس آنے والے پناہ گزینوں کو لانے ایک بس ایک موٹر سائیکل اور پھر ایندھن لے جانے والی ایک گاڑی سے ٹکرا گئی.

(جاری ہے)

احمد اللہ متقی کا کہنا ہے کہ تصادم کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس سے بس میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے‘ مرنے والوں میں 17 بچے بھی شامل ہیں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تصادم کے بعد مسافر بس میں آگ لگی ہوئی ہے اور سکیورٹی اہلکار اس پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں. نشریاتی ادارے کے مطابق حادثہ بس کی تیز رفتاری اور ڈرائیور کی غفلت کے باعث پیش آیا، تصادم کے بعد بس میں آگ لگ گئی، بس میں سوار تمام افراد، آئل ٹینکر میں سوار 2 اور موٹرسائیکل سوار 2 افراد جان کی بازی ہار گئے.

ہرات حکومت کے ترجمان محمد یوسف سعیدی نے بتایا کہ بس میں ایران سے واپس آنے والے افغان مہاجرین سوار تھے جو حال نقل مکانی کے بعد واپس کابل جا رہے تھے یہ افراد ان ہزاروں افغانوں میں شامل ہیں جنہیں حالیہ مہینوں میں ایران سے زبردستی نکالا گیا یا ملک بدر کیا گیا. ترجمان ہرات حکومت یوسف سعیدی نے بتایا کہ تمام مسافر مہاجر تھے جو اسلام قلعہ سے بس میں سوار ہوئے تھے اسلام قلعہ ایران اور افغانستان کے درمیان ایک سرحدی کراسنگ پوائنٹ ہے پولیس کے مطابق حادثہ ہرات شہر کے باہر گزرہ ضلع میں پیش آیا اور اس میں ایک موٹر سائیکل بھی حادثے کا شکار ہوئی، 2 افراد ٹرک میں اور 2 موٹر سائیکل پر سوار تھے جو جان کی بازی ہار گئے.

افغانستان میں ٹریفک حادثات عام ہیں، جس کی وجوہات میں دہائیوں کی جنگ کے باعث خستہ حال سڑکیں، ہائی ویز پر خطرناک ڈرائیونگ اور قوانین کی کمی شامل ہیں گزشتہ سال دسمبر میں بھی افغانستان کے وسطی علاقے میں ایک فیول ٹینکر اور ٹرک سے دو بسوں کے تصادم میں کم از کم 52 افراد ہلاک ہوئے تھے.