اسرائیل نے غزہ میں قید تمام یرغمالیوں کی ایک ساتھ رہائی کا مطالبہ کردیا

نیتن یاہو حکومت کے نئے مطالبے سے 60روزہ جنگ بندی کا امکان کم ہوگیا‘مجوزہ معاہدہ مصراور قطر نے پیش کیا تھا .رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 20 اگست 2025 13:19

اسرائیل نے غزہ میں قید تمام یرغمالیوں کی ایک ساتھ رہائی کا مطالبہ کردیا
تل ابیب(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔20 اگست ۔2025 )اسرائیلی حکومت نے غزہ میں قید تمام یرغمالیوں کی ایک ساتھ رہائی کا مطالبہ کیا ہے جس کے بعد غزہ میں 60 روز کے لیے جنگ بندی کا امکان کم ہو گیا ہے حماس نے گزشتہ روز مصر اور قطر کی جانب سے تجویز کردہ 60 روزہ جنگ بندی کے معاہدے کو قبول کرنے کا اعلان کیا تھا.

(جاری ہے)

مصر اور قطر کی جانب سے پیش کیے گئے مجوزہ معاہدے کے تحت تقریباً نصف یرغمالیوں کی رہائی عمل میں آنی تھی قطر کا کہنا ہے کہ نیا جنگ بندی معاہدہ اس سے قبل امریکہ کی جانب سے پیش کیے جانے والے معاہدے جیسا ہی ہے جس پر اسرائیل نے رضامندی ظاہر کی تھی اسرائیل نے قطر اور مصر کی جانب سے پیش کیے گئے معاہدے کو مسترد تو نہیں کیا ہے تاہم اسرائیلی حکومت کے ترجمان ڈیوڈ مینسر نے” بی بی سی“ کو بتایا کہ ان کی حکومت کسی جزوی ڈیل میں دلچسپی نہیں رکھتی. مینسر نے کہا کہ اب چیزیں تبدیل ہو رہی ہیں وزیر اعظم نیتن یاہو نے غزہ کے مستقبل کے لیے ایک نیا منصوبہ ترتیب دیا ہے فلسطینی ذارئع کے مطابق نئے معاہدے کے تحت 10 زندہ یرغمالیوں کے علاوہ 18 یرغمالیوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کی جائیں گی اس دوران دونوں فریق مزید یرغمالیوں کی رہائی اور مستقل جنگ بندی کے لیے بات چیت کو آگے بڑھائیں گے اسرائیل کا ماننا ہے کہ 22 ماہ سے جاری جنگ کے بعد اب 50 میں سے محض 20 یرغمالی زندہ ہیں.