Live Updates

’کچھ ملا نہ دیا ہو ساقی نے جام میں‘

کئی ہفتوں بعد عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے پر سلمان اکرم راجہ کا شعر

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 مئی 2025 16:03

’کچھ ملا نہ دیا ہو ساقی نے جام میں‘
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کئی ہفتوں بعد پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے پر خوشی سے حیرت زدہ رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق سلمان اکرم راجہ کو آج بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت مل گئی، عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملنے پر سلمان اکرم راجہ خوشی سے نہال دکھائی دیئے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عمران سے مل کر ان کو اپنی بات بتائیں گے، کچھ ان کی سنیں گے، آج چھ ہفتے بعد ملاقات کی اجازت ملی ہے، یہ نہ ہو کہ ”کچھ ملا نہ دیا ہو ساقی نے جام میں“، تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل یہ شعر پڑھتے ہوئے اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہوگئے۔

بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں عظمیٰ خان اور نورین خان کو بھی آج ملاقات کی اجازت ملی ہے، ان کے علاوہ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، پی ٹی آئی کے سینیٹر بیرسٹر سید علی ظفر اور سلمان اکرم راجہ کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت ملی جس کے بعد یہ سب اڈیالہ جیل کے اندر چلے گئے، تاہم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو آج بھی ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان کو شرم آنی چاہیے کہ یہ عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانے کی بات کررہے ہیں، یہ صرف عمران خان کو جیل میں رکھنے کیلئے بہانے بنا رہے ہیں، 9 ہفتوں میں دو دفعہ ملاقات کروائی گئی، کسی بھی قیدی سے جیل رولز کے مطابق ملاقات بنیادی حق ہے، عدالت بھی ہماری ملاقات کے احکامات جاری کر چکی ہے لیکن اس کے باوجود ملاقات نہیں ہونے دی جارہی، ہماری عمران خان سے ملاقات کروائی جائے، یہ ہمارا حق اور کورٹ آرڈر بھی ہے ورنہ ہم ادھر ہی بیٹھ جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات