Live Updates

بجٹ میں گھی انڈسٹری پر سیلز ٹیکس سیکشن 8 بی ختم کیا جائے، شیخ عمر ریحان

ٹیکس کا بوجھ کم، اربوں روپے کے پھنسے ریفنڈز کی فوری ادائیگی کی جائے، چیئرمین پی وی ایم اے

منگل 20 مئی 2025 17:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء) پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی وی ایم ای) کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے وفاقی حکومت اور وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں گھی انڈسٹری پر سیلز ٹیکس کا سیکشن 8 بی ختم کیا جائے، جو فی الوقت انڈسٹری سے ان پٹ لاگت کا 10 فیصد ایڈوانس میں ودہولڈ کر لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ شق خوردنی تیل اور گھی بنانے والی صنعت پر غیر منصفانہ طور پر لاگو کی گئی ہے حالانکہ یہ انڈسٹری بنیادی ضروریات کی فراہمی سے منسلک ہے اور اس پر اس قسم کے ایڈوانس ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا جانا چاہیے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ خوردنی تیل کی انڈسٹری پر پہلے ہی بیتحاشہ ٹیکسز کا بوجھ ہے جس سے پیداواری لاگت میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے جس کی انڈسٹری متحمل نہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی وی ایم اے نے مزید کہا کہ سیلز ٹیکس ریفنڈز کی مد میں گھی انڈسٹری کے اربوں روپے ایف بی آر کے پاس پھنسے ہوئے ہیں جن کی فوری ادائیگی اشد ضروری ہے تاکہ مینوفیکچررز کو درکار سرمایہ مہیا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریفنڈز کی ادائیگی بروقت ہو جائے تو گھی انڈسٹری کو بینکوں سے مہنگے قرضے لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی، جس سے پیداوار کی لاگت میں کمی آئے گی اور اس کا براہ راست فائدہ عوام کو گھی و کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں ملے گا۔

شیخ عمر ریحان نے کہا کہ حکومت اگر مہنگائی کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے تو اسے انڈسٹری دوست پالیسیاں اختیار کرنا ہوں گی، جن میں سب سے اہم قدم سیکشن 8 بی کا خاتمہ اور سیلز ٹیکس ریفنڈز کی فوری ادائیگی ہے۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ آئندہ بجٹ میں ان مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے تاکہ خوردنی تیل کی انڈسٹری مستحکم ہو اور صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات