Live Updates

او آئی سی،15 ڈائیلاگ پلیٹ فارم کی دوسری وزارتی کانفرنس اختتام پذیر ہوگئی

رکن ممالک کا مصنوعی ذہانت کے شعبے میں اجتماعی اقدامات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ

منگل 20 مئی 2025 21:40

او آئی سی،15 ڈائیلاگ پلیٹ فارم کی دوسری وزارتی کانفرنس اختتام پذیر ..
تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء) او آئی سی 15 ڈائیلاگ پلیٹ فارم کی دوسری وزارتی کانفرنس اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں اختتام پذیر ہو گئی، جس میں رکن ممالک نے مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں اجتماعی اقدامات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ کانفرنس کا موضوع ’’پائیدار ترقی کے لیے قابلِ اعتماد اور اخلاقی مصنوعی ذہانت‘‘۔

تھا۔اجلاس میں او آئی سی-کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے چار رکنی وفد کی قیادت کی جبکہ پاکستان سے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی نمائندگی ڈائریکٹر شکیل ارشد نے کی۔اجلاس کا افتتاح ایران کے نائب صدر اول محمد رضا عارف نے کیا جبکہ اجلاس میں اسلامی تعاون تنظیم کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل (سائنس و ٹیکنالوجی) آفتاب احمد کھوکر ،برونائی دارالسلام، انڈونیشیا، ایران، قازقستان، ملائیشیا، پاکستان، سعودی عرب، تیونس، ترکیہ اور قطر کے اعلیٰ سطحی وزارتی وفود شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران تہران اعلامیہ کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا جس میں او آئی سی رکن ممالک کے مابین مصنوعی ذہانت کے میدان میں تعلیم، تحقیق، بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور علمی اشتراک پر زور دیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ رکن ممالک مصنوعی ذہانت میں مہارت رکھنے والی افرادی قوت کی تیاری، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، بہترین عالمی تجربات کے تبادلے، وسائل کی شراکت، آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا محفوظ اور اخلاقی استعمال سمیت نجی و سرکاری شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے تاکہ عالمی سطح پر مسابقت بڑھائی جا سکے۔

شرکاء نے صحت، موسمیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور پانی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے مشترکہ تحقیق اور اختراعات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔اعلامیے میں آرٹفیشل انٹیلی جنس کیلئے موزوں ماحول کی تیاری، صلاحیت سازی کے پروگرامز (جیسا کہ فیلوشپس، انٹرن شپس اور عالمی معیار کی تربیت) کے اجرا، اور اے آئی سے متعلق کاروباری منصوبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اپنے خطاب میں پروفیسر چوہدری نے مسلم دنیا میں سائنس، معیشت اور تعلیم کے مستقبل کو بدلنے میں مصنوعی ذہانت کے کردار کو اجاگر کیا اور او آئی سی-15 فریم ورک کے تحت ادارہ جاتی تعاون کے لیے کامسٹیک کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ کامسٹیک کا اجلاس منعقد کروانے میں بھی کلیدی کردار ہے ، واضح رہے کہ او آئی سی15 پلیٹ فارم کے سیکرٹریٹ کی ذمہ داری کامسٹیک کو سونپی گئی ہے۔تہران اعلامیہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے شراکتی ترقی، علاقائی اختراع اور اجتماعی خوشحالی کے حصول کے لیے رکن ممالک کے مشترکہ ویژن کا مظہر ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات