Live Updates

یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کیلئے اعزاز ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص کر سول اور ملٹری شہداء اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں، یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کیلئے لاکھوں عاصم بھی قربان ہیں؛ فیلڈ مارشل کا عہدہ ملنے پر بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 20 مئی 2025 17:42

یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کیلئے اعزاز ہے، فیلڈ ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2025ء ) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے منفرد اعزاز ملنے پر پوری قوم سے اظہار تشکر کیا ہے۔ پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، یہ اعزاز پوری قوم، افواجِ پاکستان، خاص کر سول اور ملٹری شہداء اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں، صدر پاکستان، وزیرِ اعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں، یہ اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کے لیے لاکھوں عاصم بھی قربان ہیں، یہ انفرادی نہیں بلکہ افواجِ پاکستان اور پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آج اہم فیصلے ہوئے جہاں وفاقی کابینہ نے جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی، حکومت نے ائیر چیف مارشل ظہر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنے کا بھی متفقہ فیصلہ کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے انہیں اس فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر حکومت پاکستان کی جانب سے جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی، کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے یہ تجویز پیش کی، جس پر جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی شہبازشریف کی تجویز کابینہ نے منظور کرلی، اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں افواج پاکستان کے افسران و جوان، غازیوں، شہداء اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں اعلیٰ سرکاری ایوارڈز دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات