سردارعتیق احمد کا میر واعظ محمد فاروق ،خواجہ عبدالغنی لون کوخراج عقیدت

بھارتی قابض انتظامیہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال اور خوف و ہراس کا ماحول قائم کر رہی ہے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 20 مئی 2025 22:33

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)آل جموں و کشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے شہید ملت میر واعظ مولوی محمد فاروق اور شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی قابض انتظامیہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال اور خوف و ہراس کا ماحول قائم کر رہی ہے۔

کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اورتنازعہ کشمیر کے حل کیلئے انکی قربانیاں ہمیں مسلسل یاد دلاتی ہیں کہ اس دیرینہ تنازعہ کا حل ناگزیر ہے اور کشمیریوں کے جذبات کا احترام کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ قید و بند کے ذریعے حقیقت کو نہیں بدلاجا سکتااور شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ شہدا کشمیریوں کے ہیرو ہیں اور ان کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرواعظ مولوی محمد فاروق اور خواجہ عبدالغنی لون کی قربانیاں کشمیریوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام کشمیریوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے شہدا کے مشن کی تکمیل اور کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھیں۔شہید خواجہ عبدالغنی لون ایک نڈر رہنما تھے جنہوں نے زندگی بھر تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے انتھک جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی کشمیر میں ان عظیم قائدین نے گرانقدر خدمات انجام دیں۔کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت وحشیانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتی۔میرواعظ مولوی محمد فاروق، خواجہ عبدالغنی لون اور شہدائے حول اوردیگر شہداء کی قربانیوں کوہر گز فراموش نہیں کریں گے جنہیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شہید میرواعظ محمد فاروق ایک عظیم مبلغ اور عالم دین تھے اور میر واعظ کے پورے خاندان نے اسلام کے پیغام کو عام کرنے کے لیے ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔حریت قائدین تحریک آزادی کشمیر میرواعظ مولوی محمد فاروق شہید اور شہید حریت الحاق خواجہ عبدالغنی لون شہید کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ ہم ان شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور آج کے دن عزم کرتے ہیں کہ شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ہر حال میں شہداء کے مشن کی تکمیل کی جائے گی۔ ان شاء اللہ ایک دن ضرور شہداء کی قربانیوں کے صدقے کشمیر آزاد ہوگا۔