پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید دستی کے خلاف دائر ریفرنس کا فیصلہ محفوظ

منگل 20 مئی 2025 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2025ء)الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید دستی کے خلاف دائر ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ،الیکشن کمیشن جمشید دستی کے اسناد کی چھان بین کراچی بورڈ سے کرانے کے بعد فیصلہ جاری کرے گا۔منگل کو الیکشن کمیشن میں جمشید دستی نااہلی کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

دوران سماعت ممبر خیبر پختونخوا نے کہاکہ کیا جمشید دستی کی ایسی پراپرٹی ہے جس سے الیکشن کمیشن کو آگاہ نہیں کیا گیاتھا جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ جی ایسی پراپرٹی ہے جو کاغذات نامزدگی پر درج نہیں ہے اورانہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی پر ایف اے لکھا ہے جبکہ جمشید دستی نے میٹرک بھی نہیں کیاہے۔

(جاری ہے)

ممبر بلوچستان نے استفسار کیا کہ اگر کوئی شخص ان پڑھ ہو تو کیا ہوگا ممبر خیبر پختونخوا نے استفسار کیا کہ کیا آپ یہ کہنا چاہیے ہیں کہ انہوں نے جھوٹ بولا ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ جی انہوں نے جھوٹ بولا ہے اور ایف اے سے متعلق بیان حلفی بھی دیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید دستی کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ درخواست گزار جنرل الیکشن میں امیدوار تھے ممبر خیبر پختونخوا نے ان سے استفسار کیا کہ کوئی ایسی دستاویزات ہیں جس میں لکھا ہو جمشید دستی کی تعلیمی دستاویزات جعلی ہیںجس پر جمشید دستی کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ ایف اے 2020 میں کیا ہے ممبر سندھ نے استفسار کیا کہ بی اے کب کیا ہے جس پر وکیل نے بتایا کہ بی اے 2017 میں کیا ہے ممبر خیبر پختونخوا نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے پہلے بی اے کیا پھر ایف اے کیا ممبر بلوچستان نے استفسار کیا کہآپ نے 2017 میں بی اے کیا مگر ایف اے کی سند تب کونسی لگائی جس پرجمشید دستی نے کمیشن کو بتایا کہ میں نے میٹرک اور ایف اے کراچی بورڑ سے کیا ہے جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہاکہ ان کی میٹرک کی سند ڈی جی خان کی ہے جو کہ جعلی ہے اور بورڈ نے بھی لکھا ہے انہوں نے کہاکہ ان کی ایف اے کی سند پر رجسڑیشن نمبر نہیں ہے اور نہ ہی مائیگریشن سرٹیفکیٹ ہے۔

جس پر ممبر سندھ نے کہاکہ الیکشن کمیشن کراچی بورڈ سے میٹرک اور ایف اے کی تصدیق کروائے گا الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر کیس سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔۔۔۔۔۔اعجاز خان