Live Updates

پاکستان نے رافیل طیارے گرا کر بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا،نسیمِ الرحمنٰ خان

منگل 20 مئی 2025 23:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیمِ الرحمنٰ خان ملاخیل کی قیادت میں پاک افواج کی تاریخی فتح کے حوالے سےعظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی ملاخیل ہاوس سے نکلالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی جناح چیک پوسٹ پر اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی کے شرکا نے بینرز اٹھائے ہوئے تھے جس پر پاک افواج زندہ باد ، پاک افواج تیری عظمت کو سلام کے نعرے لکھے ہوئے تھے۔

اس موقع پر صوبائی مشیر نسیم الرحمان خان ملاخیل نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص کی تاریخی کامیابی سے پاک فوج نے جرات و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے رات کے اندھیرے میں وار کرنے والے بزدل اور مکار دشمن کو موثر جواب دے کر نہ صرف دشمن کو سبق سکھایا بلکہ دنیا کو بھی اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے حیران کردیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یہ ثابت کر دیا کہ جنگیں محض تعداد سے نہیں بلکہ جذبہ، حکمت اور مہارت سے جیتی جاتی ہیں۔ رافیل طیارے گرا کر بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا گیا اور دشمن کو اس کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔نسیم الرحمن خان ملا خیل نے مزید کہا کہ پاکستانی شاہینوں کا دنیا میں کوئی مقابل نہیں۔ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر ہماری افواج نے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔

ریلی میں شریک افراد نے قومی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کے حق میں نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکا نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگا کر قومی یکجہتی اور دفاع وطن کے جذبے کا بھرپور اظہار کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات