Live Updates

لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں پی ایس ایل ایلیمینیٹر میچ میں (کل) پنجہ آزمائی کریں گی

بدھ 21 مئی 2025 08:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا دسواں ایڈیشن اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے۔ پی ایس ایل میں (کل)جمعرات کو ایلیمینیٹر میچ کھیلا جائے گا جس میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم ،لاہورمیں پنجہ آزمائی کریں گی ۔ میچ رات 8بجے شروع ہو گا اور فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی )کے زیر اہتمام پی ایس ایل کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے۔ قذافی کرکٹ سٹیڈیم لاہور میں کل (جمعرات کو )ایلیمینیٹر میچ میں لاہور قلندرز اورکراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی ۔کراچی کنگز کی ٹیم اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت پہلے مرحلے کے مکمل ہونے کے بعد 12 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی تھی۔

(جاری ہے)

لاہور قلندرز کی ٹیم مایہ ناز بائولنگ آل رائونڈر شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں میدان میں اترے گی ، اس ٹیم میں عبداللہ شفیق،آصف علی،فخرزمان،شکیب الحسن،حارث رئوف،زمان خان اور سلمان مرزا جیسے بہترین کھلاڑی شامل ہیں ۔ کراچی کنگز کو مایہ ناز آسٹریلوی اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر لیڈ کریں گے اور انہیں ٹم سیفرٹ ،جیمز وینس،سعد بیگ،عرفان خان،خوشدل شاہ،محمد نبی،میر حمزہ،حسن علی اور عامر جمال جیسے کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل میچ 25مئی کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔\932
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات