فیصل آباد ، شالیمار ایکسپریس پھاٹک پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹراگئی ، 5 افراد زخمی

حادثے میں انجن سمیت 12 سے زائد بوگیاں پٹری سے اترگئیں،ٹریکٹرٹرالی آئل ختم ہونے کے باعث پھاٹک پر کھڑی تھی، حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور فرار ہوگیا،حکام

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 21 مئی 2025 10:53

فیصل آباد ، شالیمار ایکسپریس پھاٹک پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹراگئی ، ..
فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 مئی 2025)فیصل آباد میں شالیمار ایکسپریس پھاٹک پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹراگئی جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہوگئے،ریلوے حکام کے مطابق حادثے میں انجن سمیت 12 سے زائد بوگیاں پٹری سے اترگئیں،ٹریکٹرٹرالی آئل ختم ہونے کے باعث پھاٹک پر کھڑی تھی، حادثے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور فرار ہوگیا، حکام کے مطابق ٹرین کراچی سے لاہور آرہی تھی۔

حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ مسافروں کو امدادی ٹرین میں روانہ کررہے ہیں۔حکام کے مطابق ٹریک کلیئر کرنے میں تقریباً 6 گھنٹے لگیں گے۔یاد رہے کہ چند روز قبل بھی صوبہ سندھ کے شہر کوٹری کے ریلوے سٹیشن کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی تھی لاہور سے کراچی آنے والی علامہ اقبال ایکسپریس کو کوٹری سٹیشن کے قریب حادثہ پیش آیاتھا۔

(جاری ہے)

ٹرین کی آخری بوگی کمپلین ٹوٹنے سے ٹریک سے اتر گئی، تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواتھا۔ پولیس اور ریلوے حکام کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس کی بوگی پٹڑی سے اترنے کے بعد ڈاون ٹریک متاثر ہوگیا تھا۔ ٹرینوں کو حیدرآباد سٹیشن پر روک لیا گیا تھا۔ریلوے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مرمتی کام جاری ہے، کام مکمل ہونے پر ٹرینوں کی آمدورفت بحال ہوجائے گی۔

اس سے قبل بھی کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس روہڑی سٹیشن پر حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔ریلوے ذرائع کے مطابق مسافر ٹرین کی ایک بوگی روہڑی سٹیشن پر ٹریک سے اتر گئی، حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کرین لوکو شیڈ سے روانہ کر دی گئی تاکہ فوری طور پر بوگی کو ٹریک پر واپس لایا جا سکے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد اپ ٹریک بلاک ہوگئی، پٹری کو بھی نقصان پہنچا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

اپ ٹریک بلاک ہونے کی وجہ سے مختلف ٹرینیں اپنی منزل پر روانہ ہونے سے قاصر ہوگئیں تھیں۔ حادثے کے باعث بہاو الدین زکریا ایکسپریس کو بیگماجی سٹیشن پر روک دیا گیا تھا۔اس کے علاوہ شاہ حسین ایکسپریس، گرین لائن ایکسپریس، فرید ایکسپریس کو مختلف سٹیشنز پر روکا گیا تھا۔ریلوے حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی تھیں اور فوری طور پر ٹریک کی مرمت کا کام مکمل کرنے کے بعدٹرینوں کی روانگی کوبحال کر دیاتھا۔