سپیکر قومی اسمبلی کی خضدار میں سکول بس پر حملے کی مذمت

بدھ 21 مئی 2025 12:12

سپیکر قومی اسمبلی کی خضدار   میں سکول  بس پر حملے کی  مذمت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خضدار بلوچستان میں آرمی پبلک سکول کی بس پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےاس کے نتیجے میں جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ بدھ کو اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے شہدا کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں شہید ہونے والے بچوں کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

معصوم بچوں کی بس پر حملہ انتہائی بزدلانہ اور شرمناک ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔معصوم بچوں پر حملہ کرنے والے سفاک درندوں کا کسی مذہب اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔دہشت گردی کی اس کارروائی کے منصوبہ سازوں اور مجرموں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی کی حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی ، شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کےلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔