Live Updates

بھارت شکست فاش کے بعد بچوں کو نشانہ بنا نے تک گر چکا ہے،میر سرفراز بگٹی

اطلاعات تھیں اجیت دوول بلوچستان میں پراکسی تنظیموں کے ذریعے دہشتگردی کی سازش کر رہا ہے ، خضدار بس حملے میں 4بچوں سمیت 6افراد شہید ہوئے ، شہداء کے مقدس خون کی قسم کھا کر کہتاہوں دہشتگردوں کو چن،چن کر ماریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

بدھ 21 مئی 2025 19:57

بھارت شکست فاش کے بعد بچوں کو نشانہ بنا نے تک گر چکا ہے،میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بھارت 9اور 10مئی کی شکست فاش کے بعد اب اس حد تک گر چکا ہے کہ ہمارے بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے،پہلے سے اطلاعات تھیں کہ اجیت دوول بلوچستان میں پراکسی تنظیموں کے ذریعے دہشتگردی کی سازش کر رہا ہے ، خضدار بس حملے میں چار بچوں سمیت چھ افراد شہید ہوئے ، شہداء کے مقدس خون کی قسم کھا کر کہتاہوں ہم دہشتگردوں کو چن،چن کر ماریں گے ،ایسی بلوچیت پر لعنت بھیجتے ہیں جو بچوں پر حملہ کرتے ہیں ،بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کی نانی ’را ‘ہے ،افغان عبوری حکومت سے کہتے ہیں کہ وہ اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں ۔

یہ بات انہوں نے منگل کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزراء سردار فیصل جمالی ، راحیلہ حمید خان درانی، نور محمد دمڑ، پارلیمانی سیکرٹریز میر لیاقت علی لہڑی، ولی محمد نورزئی ،ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند بھی موجود تھے ۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خضدار میں ایک گاڑی میں نصب بم حملے میں اسکول جانے والے بچوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں چار بچے ، ایک ڈارئیور اور ایک ہیلپر شہید ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتاہوں بچے انسانی ، قبائلی اور عالمی طور پر کسی بھی جنگ میں مبرا ہوتے ہیں دشمن اس جنگ کو انتہائی بزدلی، بے دوردی سے لڑ رہا ہے قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ یا تو وہ معصوم بچوں کے قاتلوں کے ساتھ کھڑے ہونگے یا پھر ان قاتلوں کا قلعہ قمع کرنے والی ریاست کے ساتھ ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس انٹیلیجنس معلومات تھیں کہ 9اور 10مئی شکست کی سکبی چھپانے کے لئے بھارت اجیت دول کے ذریعے بلوچستان میں دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے لیکن ہمیں یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ بچوں کو نشانہ بنائے گا اجیت دول کی سوچ اس قدر گر چکی ہے کہ وہ اب بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی دنیا کو دیکھنا ہوگا کہ بھارت اپنی پراکسی تنظیموں کے ذریعے بلوچستان میں بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے بی ایل اے سمیت دیگر تنظیمیں ہمیشہ مسافروں، بچوں ، چھٹی پر جانے والے نہتے سیکورٹی اہلکاروں سمیت دیگر سافٹ ٹارگٹ جن کر انہیں نشانہ بناتی ہیں آج ہمارے معصوم بچوں کو خون میں نہلایا گیا ہے اب جب لڑائی بچوں کی حد تک آگئی ہے تو ہم سے گلہ نہ ہو ہم اس کا جواب ملوث دہشتگردوں کو جنہم واصل کر کے لیں گے اور اپنے بچوں کے خون کا حساب بدلہ لیں ۔

انہوں نے کہا کہ موسیٰ خیل، جعفر ایکسپریس ، نوشکی، خضدار، تربت سمیت دیگر دہشتگردی کے واقعات میں ملوث دہشتگردوں کو جنہم واصل کیا گیا ہے تربت میں مارا گیا کمانڈر نبیل معصوم شہریوں سے لیکر سیکورٹی فورسز تک متعدد حملوں میں ملوث تھا ۔انہوں نے کہا کہ میں شہداء کے مقدس خون کی قسم کھا کر کہتاہوں کہ ہم دہشتگردوں کو چن چن کر ماریں گے ہم ایسی بلوچیت پر لعنت بھیجتے ہیں جو بچوں پر حملہ کرتی ہے یہ لوگ بلوچ کھلانے کے لائق نہیں ہیں انکا نہ تو کوئی قوم ہے نہ قبیلہ صرف دہشتگردوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ حقوق کی نہیں انڈیا کی پراکسی جنگ لڑ رہے ہیں جو پیسے لیکر افغانستان اور بھارت میں ٹریننگ کے بعد یہاں حملے کرتے ہیں ۔انہوں نے افغان عبوری حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان نے دوحہ میں پوری دنیا سے وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے لیکن ان کی سرزمین پاکستان کے خلاف بار بار استعمال ہورہی ہے طالبان اپنے عہد کے پکے سمجھے جاتے ہیں وہ اپنے عہد اور وعدے کی پاسدار ی کریں ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فورسز 9گول روکتی ہیں وہ کہیں نظر نہیں آتا فورسز اس وقت گرے ایریا میں کام کررہی ہیں صوبے میں چیلنجز زیادہ ہیں ہم یہاں سوات طرز پر آپریشن نہیں کرنا چاہتے بلوچستان کے مسئلے کا حل اسمارٹ کائینیٹک آپریشن میں ہے قوم بھی دہرے ذہن سے نکل آئے اور دہشتگردوں کو ناراض بلوچ سمیت دیگر ناموں کے بجائے دہشتگرد کہہ کر پکارے ۔

انہو ں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو مضبوط اور آلات کی فراہمی کر رہے ہیں سیکورٹی فورسز کے خلاف پروپگنڈا کیا گیا جس کے بعد چیک پوسٹیں ختم ہوئیں، دہشتگردوں کو چھوڑنے کے نتائج آج ہمارے سامنے مرتب ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست نے ہمیشہ ماں کی کاکردار ادا کیا ہے اب ریاست کو ہارڈ اسٹیٹ بننا ہوگا تاکہ قانون کی حکمرانی اور رٹ قائم ہوسکے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ بلوچستان میں شاہراہیں بند نہیں ہونے دیں گے ہم نے یہ وعدہ پورا کیا اسی طرح بلوچستان میں جلد ہی امن لوٹے گا ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے دروازے ان لوگوں کے لئے کھلے ہیں جو اپنی غلطی کااحساس کرتے ہوئے قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں لیکن تشدد کا راستہ اختیار کرنے والوں کو جواب انہی کی زبان میں تشدد سے ہی دیا جائیگا ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان دہشتگرد تنظیموں کی حمایت نہیں بلکہ خوف سے جارہے ہیںمردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی تنظیموں میں شمولیت ان کی مرضی ہے حکومت کے لئے یہ بات تھرٹ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس سینکڑوں دہشتگرد مارے گئے ہیں اور اسی طرح کئی گرفتار بھی ہوئے لیکن قانونی نقائص کی وجہ سے وہ عدالتوں سے رہا ہوگئے حکومت انسداد دہشتگردی کا نیا قانون لا رہی ہے جس کے تحت سینٹر قائم کئے جائیں گے جس سے مسنگ پرسنز کا مسئلہ بھی حل ہو جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اداروں نے پلان تشکیل دینا ہے وہ وقتا فوقتا اس پر کا م کرتے رہتے ہیں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کی نانی ایک ہی ہے یہ سارے را فنڈڈ لشکر ہیں اور پاکستان کے خلاف پراکسی ہیں بھارت نے شکست فاش اور منہ کی کھانی پڑی ہے جس کے بعد وہ ان تنظیموں کے ذریعے دہشتگردی پھیلا رہا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکورٹی فیلئیر ایک بڑا لفظ ہے ہمیں برشور جلسے سمیت جہاں بھی اطلاعات تھیں وہ سیکورٹی فراہم کی گئی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹوں پر اگر اہلکاروں کا رویہ مناسب نہیں تھا تو یہ نہیں ہوسکتا کہ چوکیدار ختم کردیں بلکہ اسے تبدیل کیا جاتا ہے ہم نے بلوچستان کو پر امن بنانا ہے صوبے میں اس وقت 99.99فیصد نوکریاں میرٹ پر دی گئی ہیں ،ٹرانسفر پوسٹنگ میرٹ پر ہورہی ہے ، 99فیصد پی ایس ڈی پی خرچ ہونے جارہا ہے اگر چہ 200ارب سے بلوچستان کی ترقی ممکن نہیں تاہم حکومت بتدریج چیزیں بہتری کی جانب لیکر جائیگی اور نتائج آنے میں وقت لگے گا ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری تحریک کا انجام بھی کردستان جیسا ہی ہوگا بلوچوں سے کہنا چاہتاہوں کہ وہ لاحاصل جنگ کا حصہ نہ بنیں ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات