Live Updates

عمران خان کا دوسرے روز بھی پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے سے انکار

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ٹیسٹ نہ کرانے کا تفتیشی ٹیم کو اپنا موقف تحریری شکل میں بھجوایا اور لکھا کہ ان ٹیسٹ کے ذریعے پراسیکیوشن مجھے پھنسانا چاہتی ہے، ڈی ایس پی جاوید آصف کی سربراہی میں 13 رکنی ٹیم اڈیالہ جیل آئی تھی

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 21 مئی 2025 16:21

عمران خان کا دوسرے روز بھی پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانے ..
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 مئی 2025)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور کی تفتیشی ٹیم کے ساتھ شامل تفتیش ہونے سے دوسرے دن بھی انکار کردیا، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ٹیسٹ نہ کرانے کا تفتیشی ٹیم کو اپنا موقف تحریری شکل میں بھجوایا اور لکھا کہ ان ٹیسٹ کے ذریعے پراسیکیوشن مجھے پھنسانا چاہتی ہے، میرے 8 مقدمات میں ضمانتیں عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہیں، ڈی ایس پی جاوید آصف کی سربراہی میں 13 رکنی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی جہا ں انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے تین ٹیسٹ پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کرنے تھے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم ٹیسٹ نہیں کروائے گا تو تفتیش کیسے مکمل ہوسکتی ہے؟ ان ٹیسٹوں کے مکمل ہونے سے ہی پتا چل سکتا ہے کہ یہ تمام شواہد درست ہیں یا نہیں۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ نہ ہوئے تو تفتیش کا عمل کیسے آگے بڑھے گا؟۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سے تفتیش اور ٹیسٹ کیلئے لاہور پولیس کی 13 رکنی ٹیم دو دن سے راولپنڈی میں موجود ہے۔ تفتیشی ٹیم نے نومئی کے لاہور کے 11 مقدمات کے حوالے سے تفتیش کرنی تھی۔

تفتیشی افسران میں انسپکٹرز محمد عالم، ممتاز حسین، تصدق حسین، رانا محمد ارحم، زاہد سلیم، محمد فیاض، محمد نوید، رانا محمد اکمل، محمد سلیم سندھو شامل ہیں جب کہ فارنزک ٹیم کے تکنیکی ماہرین میں عابد ایوب، وقاص خالد قریشی، عثمان احمد خالد شامل ہیں۔بعدازاںبانی پی ٹی آئیعمران خان کے انکار کے بعد تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔

قبل ازیں لاہور پولیس کی انویسٹی گیش ٹیم بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرنے اڈیالہ جیل پہنچی تھی ۔ تحقیقاتی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کو لاہور مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کیلئے جیل آئی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے ایک بار پھر انکارکر دیا تھا۔

بانی پی ٹی آئی نے وکلاء کی عدم موجودگی میں پولیس تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کیا تھا۔ ڈی ایس پی کی قیادت میں پنجاب پولیس کی 11رکنی ٹیم بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرنے اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔تفتیشی ٹیم کی قیادت ڈی ایس پی آصف جاوید نے کی جب کہ ان کے ہمراہ تین تجربہ کار انسپکٹرز بھی موجود تھے۔ جن میں انسپکٹر محمد اسلم، انسپکٹر محمد عالم اور انسپکٹر محمد ارحم شامل ہیں۔

پولیس تفتیشی ٹیم میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے عابد ایوب بھی ٹیم کا حصہ تھے۔جیل میں عملہ بانی پی ٹی آئی کو سیل میں بلانے کیلئے گیا لیکن وہ نہیں آئے اور وکلا کی عدم موجودگی میں ٹیسٹ کرانے سے انکار کردیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا موقف تھا کہ جب تک ان کی وکلاءکی ٹیم موجود نہیں ہوگی وہ اس وقت تک تفتیش کے عمل میں شامل نہیں ہونگے۔

لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم گزشتہ روز دوپہر کے وقت بانی پی ٹی آئی عمران خان سے تفتیش کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی ۔تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے اندر داخل ہوئی جہاں انہیں مکمل سیکیورٹی کے ساتھ جیل حکام کی جانب سے خوش آمدید کہا گیا تھا۔ ٹیم نے جیل کے اندربانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کیلئے تمام قانونی تقاضے مکمل کئے اور ان سے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کیا گیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات