Live Updates

خضدارمیں اے پی ایس کے بچوں کی بس پردھماکہ قابل مذمت ہے ، زبیدہ جلال

بدھ 21 مئی 2025 19:58

خضدارمیں اے پی ایس کے بچوں کی بس پردھماکہ قابل مذمت ہے ، زبیدہ جلال
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)سابق وفاقی وزیر اور ماہر تعلیم محترمہ زبیدہ جلال نے خضدارمیں زیرو پوائنٹ پر اے پی ایس کے بچوں کی بس پر ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتی ہوں ، معصوم بچوں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا نہایت قابلِ افسوس اور انسانیت سوز عمل ہے، ننے منے بچوں کی شہادت کی شدید مذمت کرتی ہوں ، حکومت اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کر ے، دہشت گردی جہاں بھی ہو وہ قابل مذمت ہے،اللہ پاک شہید بچوں کے درجات بلند فرمائیں اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں محترمہ زبیدہ جلال نے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس کربناک گھڑی میں ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمی بچوں کو جلد مکمل صحتیابی نصیب ہو۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ اے پی ایس سکول خضدار بس بم دھماکے اور اس طرح کے عمل کرنے والے شر پسند عناصر انسان کہلانے کے لائق نہیں ہیں، جو معصوم بچوں پر حملہ کرتے ہیں ، یہ ایک بزدلانہ عمل ہے، ایسے عناصر کو فوری طورپر گرفتار کرکے کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

انہوںنے کہا کہ آئے دن بلوچستان میں ایسی بزدلانہ کاروائیاں سرانجام دی جاتی ہیں لیکن معصوم بچوں کی بس پر حملہ تو حد ہو گئی، ظالموں نے معصوم بچوں معصوم کلیوں اور مہکتے پھولوں کو بھی نہیں چھوڑا، یہ بچے پاکستان کا مستقبل تھے، اپنی ماؤں کی آنکھ کے تارے تھے، ان معصوم بچوں سے کسی کو کیا دشمنی ہو سکتی تھی۔سابق وفاقی وزیرمحترمہ زبیدہ جلال نے کہا کہ دہشت گردوں کی اس بزدلانہ کارروائی پر بھرپور مذمت کرتی ہوں اور ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ جس کسی نے بھی یہ بزدلانہ کاروائی کی ہے اس کو سرعام پھانسی پر لٹکایا جائے ۔انہوںنے کہا کہ بلوچستان کے عوام آرمی چیف سے اپیل کرتے ہیں کہ ان دہشت گردوں کو گرفتار کر کے سرعام پھانسی دی جائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات