Live Updates

بجٹ سازی میں بھی حکومت کا اختیار محدود ہو گیا

پاکستان کے آئندہ مالی سال کا بجٹ آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط کر دیا گیا

بدھ 21 مئی 2025 20:42

بجٹ سازی میں بھی حکومت کا اختیار محدود ہو گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2025ء) بجٹ سازی میں بھی حکومت کا اختیار محدود ہو گیا، پاکستان کے آئندہ مالی سال کا بجٹ آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال 26-2025 کا بجٹ عملے کی سطح پر طے پانے والے معاہدے کے نکات سے مشروط کردیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے حکومت پر زور دیا جا رہا ہے کہ اگلے مالی سال کا وفاقی بجٹ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے اسٹاف سطح کے معاہدے میں طے شدہ نکات اور شرائط کی روشنی میں ہونا چاہیے اور حتمی بجٹ مسودہ اسٹاف سطح کے معاہدے میں طے پانے والے نکات اور شرائط سے مشروط کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت کی بجٹ سازی پر اختیار محدود ہو گیا ہے البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے مالی سال کے لیے بجٹ کا حجم 17 ہزار 600 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے وزیراعظم کو ٹیکسیشن تجاویز پیش کر دی ہیں اور اگلے مالی سال کے لیے ایف بی آر کا ٹیکس ہدف 14.07 ٹریلین روپے ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ حکومت پیٹرولیم لیوی میں نمایاں اضافہ کر سکتی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے انکم ٹیکس ریلیف کو ناکافی قرار دیا ہے اس لیے اب آئی ایم ایف کو ریلیف کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ریلیف کی صورت میں ہونے والے ریونیو کے نقصان کو متبادل ذرائع سے پورا کرنے کے لیے آئی ایم ایف کو قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور توقع ہے اس بارے جلد اتفاق رائے ہو جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا جہاد ازعور پاکستان کے دورے پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے اہم ملاقات کی ، جبکہ وزیراعظم سے بھی ان کی ملاقات متوقع ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات