’ ہم اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش کے منتظر ہیں‘

امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کی یوم آزادی پر پاکستانیوں کو مبارکباد

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 اگست 2025 11:39

’ ہم اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش کے منتظر ہیں‘
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست 2025ء ) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے 78 ویں یوم آزادی پر پاکستان کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اس حوالے سے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام یوم آزادی منا رہے ہیں، جس پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں، امریکہ انسداد دہشت گردی اور تجارت پرپاکستان کے اقدامات کو سراہتا ہے، ہم اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش کے منتظر ہیں، ان میں اہم معدنیات، ہائیڈروکاربن، کاروباری شراکت داری شامل ہیں، اس سے امریکیوں اورپاکستانیوں کے لیے ایک خوشحال مستقبل کو فروغ ملے گا۔

اسی طرح یوم آزادی کے موقع پر امریکی کانگریس کے رہنماؤں کی جانب سے بھی پاکستان کے لیے خیرسگالی کے پیغامات بھیجے گئے ہیں، رکن کانگریس جوڈی چو نے کہا کہ ’یوم آزادی کی تقریب کا حصہ بننے پر فخرہے، امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کی موجودگی باعثِ فخر ہے‘، رکن کانگریس زولوف گرن نے کہا کہ ’سیلیکون ویلی پاکستانی امریکیوں کی بڑی اور متحرک کمیونٹی کا گھر ہے، پاکستانی امریکی ہمارے ملک کی فلاح و بہبود میں بہت زیادہ حصہ ڈالتے ہیں‘۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ملک بھر میں 78 واں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے، رواں سال کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے، دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، جشن آزادی پر شہر شہر، گلی گلی سبز ہلالی پرچم کے رنگوں سے رنگ گئے، جبکہ سرکاری و رہائشی عمارتوں، شاہراہوں، سڑکوں اور مختلف مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔